• news

الیکشن کمشن:پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے اجلاس 18مارچ کو طلب

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے اہم اجلاس 18مارچ کو طلب کرلیا ہے۔اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کریں گے۔اجلاس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ضروری رولز کی اشاعت، نیبر ہڈ، ویلج پنچائیت کی حلقہ بندی کے لئے ابتدائی سامان ، نقشہ جات، نوٹیفکیشن ، مذہبی اقلیتوں کے ڈیٹا کی فراہمی کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں سیکرٹری بلدیات پنجاب، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور متعلقہ دیگر افسران شرکت کریں گے۔اجلاس میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مطلوبہ رولز، دستاویزات، نقشہ جات کے جلد حصول کو یقینی بنا کر جلد از جلد صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو ممکن بنایا جا سکے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابی عمل میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لئے پر عزم ہے، ملک میں خواتین کے سماجی، سیاسی و انتخابی حقوق کے لئے جدوجہد قابل تحسین ہے۔گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے رہے تھے۔ تقریب میں الیکشن کمیشن کے ممبران، سول سوسائٹی آرگنائزیشن کے نمائندوں اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔ تقریب میں دور دراز سے آئی خواتین جنہیں الیکشن کمیشن کی شناختی کارڈ ووٹر اندراج مہم کے دوران مہیا کئے گئے تھے نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے خواتین کو شناختی کارڈ کے اجراء اور الیکشن کمیشن کی ووٹر اندراج مہم کے دوران معاونت پر نیشنل ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ،ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور میڈیا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن