بھارتی ویزا پابندی، آئی پی ایل میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت مشکوک
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) کرونا وائرس کے سبب بھارتی حکومت نے ایک ماہ کیلئے ویزا پر پابندی عائد کر دی ہے جس کے بعد انڈین پریمیئر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ بھارتی میڈیانے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیاکے عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ حکومت نے 15 اپریل تک غیر ملکیوںکیلئے ویزا اجرا پر پابندی عائد کی ہے جسکی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔ آئی پی ایل سیزن 29 مارچ سے شروع ہو رہا ہے جسکا اختتام 24 مئی کو ہو گا۔ آئی پی ایل گورننگ کونسل نے 14 مارچ کو ممبئی میں اجلاس طلب کیا ہے۔ تمام فیصلے گورننگ کونسل کے اجلاس میں ہونے۔ انتظامیہ غور کر رہی ہے کہ تماشائیوں سے خالی میدانوں میں میچ منعقد کیے جائیں تاکہ کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ نہ ہو۔رواں برس کے سیزن کو ملتوی کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔