• news

پی ایس ایل: بابر، شرجیل کی نصف سنچریاں، کنگز نے قلندر کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی۔پاکستان سپرلیگ کے ہائی وولٹیج میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے 17.1 اوور ز میں حاصل کرلیا، اوپنرز بابر اعظم اور شرجیل خان بالترتیب 69 اور 74 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔قلندرز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔پہلی وکٹ 49 رنز پر گری جب فخر زمان 17 رنز بناکر عمید آصف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ کرس لین اور بین ڈنک بالترتیب 5 اور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔13 ویں اوور میں 90 پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد محمد حفیظ کریز پر آئے اور تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی تاہم اس موقع پر کپتان سہیل اختر ارشد اقبال کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 49 گیندوں پر 68 رنز بنائے۔سمیت پٹیل بھی 5 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے ، اننگز کے اختتام پر محمد حفیظ نے 35 اور ڈیوڈ ویزے نے 5 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ عمید آصف اور ارشد اقبال نے 2،2 جبکہ کرس جورڈن نے ایک وکٹ حاصل کی۔شرجیل خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ تیسرے مرحلے کے دوران کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو ہرا کرپوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ۔ ملتان سلطانز سرفہرست ہے، انہوں نے 8 میچ کھیل کر 5 میچ جیتے ہیں جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔دوسرے نمبر پر کراچی کنگز نے 8 میچ کھیل کر چار جیتے جبکہ تین میں شکست ہوئی‘ ٹیم کے 9 پوائنٹس ہیں۔پشاور زلمی 9 میچ کھیلنے کے بعد 9 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے، زلمی نے چار میچ جیتے جبکہ چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایک میچ کا ٹائی ہو گیا۔ لاہور قلندرز نے 9 میچ کھیلے ، چار جیتے جبکہ پانچ میں شکست ہوئی۔ٹیم چوتھے نمبر پر ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈکے 7 پوائنٹس ہیں، 9 میچ کھیلنے کے بعد تین میچ جیتے‘ پانچ میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرزآخری نمبر پر ہے‘ 9 میچ کھیلے تین جیتے ‘ پانچ ہارے، ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن