کرونا مینجمنٹ سینٹر کا دورہ، عوام کیلئے ہر اقدام کر رہے : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار طیارہ حادثے میں شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی رہائش گاہ پر گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کے والد بریگیڈیئر (ر) محمد اکرم، بھائی سلمان اکرم، بیٹے طلحہ اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نعمان اکرم نے شہادت کا بلند رتبہ پایا اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ نعمان اکرم نے فرض کی ادائیگی میں اپنی زندگی پاک دھرتی پر قربان کی اور قوم شہید کی لازوال قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ قبل ازیں عثمان بزدار نے راولپنڈی میں انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں قائم کرونا مینجمنٹ سینٹر کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا، مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں 50 بستروں پر مشتمل کورونا مینجمنٹ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ خدانخواستہ ضرورت پڑنے پر بستروں کی تعداد بڑھائی بھی جاسکتی ہے۔ عوام کو وائرس سے بچانے کیلئے ہر ضروری اقدام کر رہے ہیں۔ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے جاری ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ ایئرپورٹس پر سکریننگ کا عمل مزید موثر بنایا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے پنجاب کلچر ڈے پر پیغام میں کہا ہے کہ محبت، امن، بھائی چارہ، یگانگت اور رواداری پنجاب کی ثقافت کے نمایاں رنگ ہیں اور بین الاقوامی سطح پر بھی پنجاب کی ثقافت کو منفرد مقام حاصل ہے۔ عثمان بزدار راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں قائم کرونا مینجمنٹ سینٹر کے دورے بعد واپس پنجاب ہاؤس روانہ ہونے لگے تو ہسپتال کے باہر نرسوںکو کھڑا دیکھ کر وزیراعلیٰ نے گاڑی روک لی۔ وزیراعلیٰ نے نرسوں کو بلا کر ان کی بات سنی۔ وزیراعلیٰ نے نرسوںکی تعیناتی کا مسئلہ جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ 136 نرسوں کو راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں ہی تعینات کرنے کا اعلان کیا۔ نرسوں نے مسئلہ کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ عثمان بزدار نے زاہد رانا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔