کرونا وائرس: تعلیمی ادارے، شادی ہالز، سینیما گھر، تھیٹربند، اجتماعات پر پابندی
اسلام آباد + لاہور (وقائع نگار خصوصی + سٹاف رپورٹر + خصوصی نامہ نگار) قومی سلامتی کمیٹی نے ملک میں کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر کے تعلیمی اداروں ،عدالتیں، شادی ہالز، ہر طرح کے اجتماعات، سینما گھروں کی تین ہفتوں کے لئے بندش،ایران اور افغانستان کے ساتھ مغربی سرحد ٹرانزٹ ٹریڈ، راہدرای سمیت ہر طرح کی آمدورفت کے لئے بند کرنے، 23 مارچ کی مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ منسوخ، کرونا وائرس کی روک تھام اور موثر حکمت عملی کے لئے اعلیٰ سطحی نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ، پی ایس ایل کے باقی میچز خالی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ، بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت صرف اسلام آباد ،لاہور اور کراچی ائیرپورٹس پر ہونگی، باقی ائیر پورٹس بین الاقوامی آمدورفت کے لئے بند ہونگے،کرتار پور راہداری میں پاکستان کی طرف سے جانے والوں پر پابندی ہوگی تاہم بھارت کی طرف سے زائرین آسکیں گے، یہ تمام فیصلے فوری طور پر نافذ العمل ہونگے، صرف بندر گاہیں کھلی رہیں گی۔ حکومت پاکستان نے ملک میں 14 روز کے لیے بڑے اجتماعات، مذہبی تقریبات، شادی ہالز اور سینما گھروں پر پابندی لگادی، صرف 3 ایئر پورٹس پر بین الاقوامی پروازیں لینڈ کریں گی۔ وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس اعوان کے ہمراہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے بارے میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے 28 کنفرم کیسز ہیں، مرض کے حوالے سے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی ہفتہ کو میٹنگ ہوگی۔ اس دوران سینما گھر اور تھیڑز کو بھی بند رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ مذہبی اجتماعات سے متعلق مشاورت کی ذمہ داری وزیر مذہبی امور کو دی گئی ہے جبکہ کچہریوں اور کورٹس سے متعلق چیف جسٹس آْف پاکستان سے ر ابطہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم درخواست کریں گے کہ سول کورٹس میں تاریخیں 3 ہفتوں کیلئے ملتوی کریں، درخواست کریں گے کہ جوڈیشل مجسٹریٹس اور سیشن کورٹ کے ججز جیلوں میں جاکر ریمانڈ اور ضمانت کے فیصلے کریں جبکہ جیلوں میں قیدیوں کے ملاقاتیوں پر تین ہفتے کیلیے پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں خوراک کی قلت پیدا ہوسکتی ہے اس کے لئے وزارت تحفظ خوراک سے جامع پلان مانگ لیا گیا ہے ، پاکستان میں اس وقت کرونا وائرس متاثرین کی تعداد 28 ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس پاکستان کی تاریخ میں صحت کے معاملے پر ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پہلا اجلاس تھا ،اس وقت دنیا میں کرونا وائرس کے حوالے سے صورتحال یہ ہے کہ 135سے زائد ممالک میں کرونا وائرس رپورٹ ہوچکا ہے ، معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتا یا کہ آج کے اجلاس میں انتہائی اہم فیصلے کیے گئے ،ان کا اثر قومی سطح پر ہوگا ، قومی سلامتی کمیٹی نے کرونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دیدی ہے، اس کمیٹی کا پہلا اجلاس (آج) ہفتہ کی سہ پہر4 بجے ہوگا ،اس کمیٹی کی تشکیل ضروری تھی،پاکستان میں 18 داخلی پوائنٹس ہیں جن میںا یئر پورٹس ،بندرگاہیں ،سرحدی راستے شامل ہیں ، مغربی سرحد ،ایران اور فغانستان کو دو ہفتوں کے لئے مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کوآرڈینیشن کمیٹی دو ہفتوں کے بعد اجلاس میں جائزہ لے گی ،سرحدوں پر نظام کو موثر ،سکریننگ یقینی بنائی جائے گی تا کہ متاثرہ لوگ پاکستان داخل نہ ہوسکیں ۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ تفتان سرحد زاہدان کے ساتھ لگتی ہے،جب یہ وباء پھیلی تو اس وقت 6ہزار سے زائد زائرین ایران میں تھے، اس پر پلان بنایا اور اس کے تحت آنے والے زائرین کو 14دن کے لئے زیر مشاہدہ رکھیں گے ،اس سلسلے میں پہلا بیچ 14دن مکمل کرنے کے بعد اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوچکا ہے،سوال کے جواب میں معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ چیئرمین فیڈرل بورڈ سے فوری رابطہ کیا جائے گا ،امتحانات سمیت ہرطرح کی تعلیمی سرگرمیوں پر تین ہفتوں کے لئے پابندی رہے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ منفی ذہن ماسک سمگلنگ کے الزامات لگارہے ہیں، اس کی تردید کرتا ہوں ،اپنے وکیل سے مشورہ کر کے قانونی نوٹس بھیجیں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو پانچ اپریل تک بند کرنے ، ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحدیں دو ہفتوں کیلئے مکمل بند کرنے ، بڑے اجتماعات پر پابندی ، بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت صرف لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں تک محدود کرنے ، اور ونٹی لیٹرز منگوانے سمیت متعدد اقدامات کا اعلان کر دیا ہے ۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے جمعہ کی شب، مذکورہ اجلاس کے بعد ایک ٹویٹ کے ذریعہ تعلیمی ادارے بند کرنے کے اہم فیصلہ کی اطلاع دی۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’’ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے پانچ ا پریل تک بند رکھے جائیں گے اور اس فیصلہ کا تمام سرکاری و نجی سکولوں، یونیورسٹیوں، ووکیشنل ادادروں اور مدارس پر اطلاق ہو گا‘‘۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فوراً بعد متعدد وزراء نے الگ الگ مذکورہ فیصلوں کے اعلانات کئے۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلائو کے خطرات کا جائزہ لینے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جمعہ کے روز طلب کیا گیا تھا۔ اس اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیر دفاع، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، وزیر قانون اور معاون خصوصی برائے صحت سمیت مسلح افواج اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان بھی شریک تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے اجلا س کو اس وباء کے پھیلائو اور خطرات کے بارے میں بریفنگ دی۔ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلوں کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل سیکورٹی کمیٹی کا اجلاس ہوا یہ اجلاس غیر معمولی نوعیت کا تھا۔ اجلاس میں کرونا وائرس کے حوالے سے عالمی منظر نامے اور دو روز قبل عالمی ادارہ ء صحت کی جانب سے عالمی وباء قرار دیے جانے کے بعد بہت اہم فیصلے کئے گئے۔ اٹلی، ایران اور دیگر یورپی ممالک کی صورتحال آپ کے سامنے ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان میں یہ وباء نہیں پھیلی۔ اجلاس میں اس وبا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی و حفاظتی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔قوم کو پریشان ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ہے حکومت پوری طرح صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے ایسا میکانزم بنا چکے ہیں جس کے تحت صوبے اور مرکز کے درمیان لمحہ بہ لمحہ معلومات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔ فیصلہ کیا گیا کہ طورخم، تفتان، چمن اور سست سمیت ہمارے بارڈر ایریاز کو کم از کم اگلے پندرہ یوم کیلئے بند کر دیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس وباء کے خطرے سے نمٹنے کیلئے ایک جامع منصوبہ بنایا جائے‘ مؤثر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے آگاہی مہم کو اس میں شامل کیا جائے۔ فیصلہ ہوا ہے کہ عوامی اجتماعات کو مختصر کر دیا جائے۔ رائے ونڈ کا اجتماع بھی مختصر کر دیا گیا ہے ہم دینی قائدین/ علماء کے شکرگزار ہیں۔ سکولوں، سینما گھروں، شادی ہالز اور عوامی اجتماعات کے تمام مراکز پر ہمیں نظر رکھنا ہو گی اس سلسلے میں بھی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ ہوا ہے۔بین الاقوامی پروازیں صرف اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس سے آ جا سکیں گی۔ دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارت خانوں کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ تقریبات کو منسوخ کر دیں اور اجتماعات میں جانے سے پرہیز کریں۔3800 کے قریب جو لوگ تفتان بارڈر کے راستے داخل ہونے تھے ان کی قرنطینہ مکمل ہو چکا ہے انہیں واپس روانہ کیا جا رہا ہے۔ چین نے جس طرح سے اس وباء پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں اس پر ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور میں جب صدر پاکستان کے ساتھ چین جاؤں گا تو ہم نہ صرف ان کے تجربات سے استفادہ کریں گے بلکہ تشخیصی کٹس سمیت جو جو معاونت ہمیں درکار ہو گی وہ بھی ان سے لیں گے۔ وافر مقدار میں وینٹی لیٹرز منگوانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے، ہمارے پیشگی موثر حفاظتی اقدامات کے سبب پاکستان کی صورتحال بہتر ہے۔قوم کو اعتماد ہونا چاہیے کہ حکومت ان کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ میں عوام سے گزارش کروں گا کہ اس عالمی چیلنج کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات اپنائیں عوامی اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔ میں میڈیا سے بھی ملتمس ہوں کہ وہ آگاہی مہم چلائیں تاکہ لوگ حفاظتی انتظامات سے آشنا ہو سکیں۔ پی سی ایل میچز میں عوام کی دلچسپی کا ہمیں احساس ہے لیکن صورتحال ایسی بن چکی ہے کہ ہمیں بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنا ہیں۔ صرف صوبے اور وفاق، احسن طریقے سے اس چیلنج کا مقابلہ نہیں کر سکتے پوری قوم کو اور تمام اداروں کو مل کر اس کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔‘‘ دریں اثناء افغانستان اور ایران بارڈر کو سیل کرنے کا حکمنامہ جاری کر دیا گیا۔ وزارت داخلہ کے نوٹفکیشن کے مطابق دونوں بارڈر دو ہفتوں تک بند رہیں گے۔ فیصلہ نیشنل سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ فیصلہ کا اطلاق سولہ مارچ سے ہو گا۔ علاوہ ازیں سپیکر نے وزیر مملکت علی محمد خان کی درخواست پر قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے اجلاس ملتوی کر دیا۔ شیڈول کے مطابق اجلاس 20 مارچ تک جاری رہنا تھا۔ جبکہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ اس معزز ایوان سے پیغام جانا چاہیے کہ ہم کرونا وائرس پر اکھٹے ہیں،پوری دنیا میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے انتظامات کئے جارہے ہیں، پنجاب میں بھی تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیںیہ وقت اپنی کمزوریاں دکھانے کے لیے نہیں،پنجاب کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے،یہ وقت حکومت پر تنقید کا نہیں بلکہ اتحاد کا مظاہرہ کرنے کا ہیے۔ وزیر صحت آ جاتی ہیں اور وہ ایوان میں مزید معلومات دیں گی،عوام میں افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔ لاہور آرٹس کونسل الحمرا اور اس کے ذیلی ادارہ الحمرا کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم کو تمام پروگرامز کے لئے بند کر دیا گیا‘ یہاں ہونے و الے تمام ادبی و ثقافتی تقریبات‘ کمرشل تھیٹر ڈرامے‘ بچوں کے ہفتہ واروز بھی تاحکم ثانی منسوخ کر دیئے گئے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ملک میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی جا رہی ہے۔ عوام کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پاکستان میں کرونا وائرس کی وباء ابھی قابو میں ہے۔ اپوزیشن اور حکومت ملکر کرونا وائرس کے خلاف کام کر سکتے ہیں۔ وفاقی حکومت نے دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کی وبا کے خلاف حفاظتی اقدامات کے تحت پارلیمانی سرگرمیوں کو محدود کرنا کا فیصلہ کیا ہے۔ سینیٹ کے ساتھ ساتھ تمام کمیٹیوں کے اجلاس بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز نے پارلیمانی کمیٹیوں کے اجلاس کی تنسیخ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سرگرمیوں کو محدود کردیا گیا اور کرونا وائرس کے باعث پارلیمانی کمیٹیوں کے تمام اجلاس منسوخ کردیئے گئے۔ حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں کے اجلاس منسوخ ہوں گے۔ شبلی فراز نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت کسی کمیٹی کا اجلاس منعقد نہیں ہوگا اور پارلیمانی سرگرمیوں کو 10 دس روز کے لیے محدود کر دیا گیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری سرکلرکے مطابق چیئرمین صادق سنجرانی نے سینیٹ کی قائمہ اور ذیلی کمیٹیوں کے اجلاس 16 مارچ سے دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردیئے گئے ہیں اور نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پنجاب میں اگلے تین ہفتوں میں ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیئے گئے۔ پنجاب حکومت نے ہر قسم کے مذہبی اجتماعات اور تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔ ہر قسم کی ثقافتی سرگرمیاں بھی معطل رہیں گی۔ سپورٹس فیسٹیول منسوخ کر دیئے گئے۔ قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اسلام آباد+ کراچی+ بیجنگ + تہران+ لندن (صباح نیوز+ این این آئی+ شنہوا+ عارف چوہدری) کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آگیا جس کے بعد ملک بھر میں کیسز کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔ بلوچستان حکومت نے فوری طور کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پہلے مرحلے میں تمام اقدامات مکمل کر لیے جبکہ فیس ماسک اور ٹیسٹ کٹس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے وفاقی حکومت سے مدد مانگ لی۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق 52سالہ شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ متاثرہ شخص نے اسلام آباد سے کراچی کا سفر کیا تھا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق متاثرہ شخص کے بیرون ملک سفر کی کوئی ہسٹری موجود نہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 15ہو گئی ہے ۔ بلوچستان کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی بندش میں31 مارچ تک کی توسیع کردی ہے۔ دبئی سے کراچی پہنچنے والی غیرملکی ایئرلائن کے دو مسافروں میں کرونا وائرس کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے جنہیں خصوصی سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ خیبر پی کے کے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس پوری دنیا میں پھیل گیا ہے، وائرس کے حوالے سے اہم فیصلے گئے ہیں۔اسکول، کالج اور یونیورسٹیز 15دن کیلئے بند کررہے ہیں، پبلک اور پرائیویٹ تمام ہوسٹلز بھی بند ہوں گے جبکہ بورڈز امتحانات فی الحال ملتوی کردیئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا سیمنارز، کلچر ایونٹس سمیت دیگر پبلک ایونٹس ملتوی کردیئے ، عوام سے التجا ہے شادیوں ودیگر ایونٹس میں جانے سے گریز کریں اور جیلوں میں ملاقاتیوں پربھی فی الحال پابندی عائد کررہے ہیں۔پاکستان ہاؤس میں قرنطینہ میں رکھے گئے 1500 زائرین کو کلیئر قرار دے کر روانہ کردیا گیا۔دوسری جانب بلوچستان حکومت نے ایران سے آنے والے دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے زائرین کو تفتان میں رکھنے سے انکار کردیا۔بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ ایران سے تفتان کے راستے ملک میں داخل ہونے والے ان زائرین کو جن کا تعلق بلوچستان سے نہیں ہوگا انہیں بحفاظت متعلقہ صوبے کی سرحد تک پہنچا کر اس صوبے کی انتظامیہ کے حوالے کردیا جائے گا۔ خیبر پی کے میں کرونا وائرس کے 27 مشتبہ کیسز میں سے 24 کلیئر قرار دیدیا گیا۔سعودی حکومت کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے 3 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے جن کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو واپس لایا جائے گا اور یہاں سے سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔ پی آئی اے نے پاکستان کی سعودی عرب روانگی اور واپسی کیلئے ہنگامی انتظام کر لیا ہے۔ امریکا میں 75 اور کینیڈا میں 16 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔وائرس سے بچاو کے لیے ڈنمارک میں دو ہفتوں کے لیے اسکول اور یونی ورسٹیاں بند کردی گئیں جبکہ پولینڈ اور یوکرین نے بھی یونی ورسٹیاں، تھیٹر اور میوزیم بند کردیے ہیں۔کورونا وائرس کے باعث بیلجیئم، بلغاریہ اور البانیہ میں بھی ہلاکتیں ہو ئیں، اس طرح وائرس اب 125ملکوں تک پھیل گیا ہے۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4700 سے زائد ہوگئی ہے، ایک لاکھ 27 ہزار سے زیادہ افراد متاثر جبکہ 68 ہزار سے زیادہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ادھر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو موذی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں۔جسٹن ٹروڈو نے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ ان کی اہلیہ کورونا وائرس سے متاثر ہوچکی ہیں۔دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس کے باعث جاپان میں ہونے والے اولمپکس گیمز 2020ء کو ملتوی کرنے کی تجویز دی ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق ڈونلڈٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ٹوکیو اولمپک 2020ء کو ایک سال تک کیلئے ملتوی کر دینا چاہئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کے بغیر خالی سٹیڈیمز دیکھنے سے زیادہ اولمپکس گیمز ملتوی ہونا بہتر ہے۔فلپائن کے اقوام متحدہ میں مستقل مشن کے نمائندہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ ترکی میں کرونا کا دوسرا مریض سامنے آگیا۔ ممبئی میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائدکر دی گئی۔ برطانیہ میں فلو ہونے پر شہریوں کو سات روز تک الگ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب ورل ٹریول کونسل کا کہنا ہے کہ کرونا کی وجہ سے سیاحت کے شعبے سے 50 ملین نوکریاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ کرونا کی وجہ سے مختلف ملکوں میں ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ کروز شپ سروس بھی معطل ہے۔ آسٹریلیا میں بھی 500 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جاپان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 676 ہے۔ نیپالی حکومت نے مائونٹ ایورسٹ پر کہ پیمائی کیلئے 30 اپریل تک پابندی لگا دی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس کے پیش نظر آئندہ صدارتی انتخابات کے حوالے سے اپنے حامیوں کے اعدادوشمار کا اندازہ لگانے کیلئے ٹریڈ مارک جلسے اور تقاریب عارضی طورپر موخر کر دیئے۔سعودی وزارت صحت نے 50 سے زیادہ مہمانوں پر مشتمل تقریبات نہ کرے کی تاکید کر دی ہے۔تاحکم ثانی سینماگھر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کرونا وائرس کے گیارہ نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ سعودی عرب کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے مزید 17 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ قطر نے ایک دن میں کرونا وائرس کے 238 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ یہ تمام افراد تارکین وطن ہیں۔ ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر برائے امرو خارجہ علی اکبر ولایتی بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی حکومت نے کرونا وائرس کو وباء قرار دیتے ہوئے 31 مارچ تک سینما‘ سکول اور کالج بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔امر یکی صدر سے ملاقات کرنے والے برازیلین عہدیدار میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جبکہ امریکہ سے حال ہی میں لوٹنے والے آسٹریلوی وزیر برائے داخلہ امور بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ،چین میں کرونا وائرس کی وباء دم توڑنے لگی ایک روز میں صرف 7ہلاکتیں اور8نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ،اٹلی میں اموات1016،جموریہ کوریا میں 67 ہو گئیں،بھارت نے آئی پی ایل سمیت کھیلوں کی تمام سرگرمیوں اور مقابلوں پر پابندی لگا دی،نیپال نے غیر ملکیوں کے آن آرائیول ویزا کا عمل معطل کر دیا۔برازیل کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ برازیل کے صدر جیربولسنارو کے پریس سیکٹری فیبیووا جنگارٹن کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ لندن سے عارف چودھری کے مطابق کورونا وائرس کے مشکوک کیس کے سبب لندن میں پاکستانی قونصل خانے کوغیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا۔پاکستان ہائی کمیشن لندن بھی کورونا وائرس کی زد میں آگیا، نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے ہائی کمیشن کے اہلکار میں کورونا وائرس کی علامات کا کہا گیا ہے۔ ہائی کمیشن کے دروازے پر لگے نوٹس کے مطابق صحت عامہ کو درپیش تحفظات کے پیش نظر آج سے قونصلر سروسز بند کی جا رہی ہیں، عوام سے کہا گیا ہے مزید ہدایات آنے تک آن لائن سروسز سے استفادہ کریں، عوام کو دوباری سروس بحال ہونے کی اطلاع دی جائے گی تاہم صرف ایمرجنسی کی صورت میں قونصل خانے سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ہائی کمیشن کے پریس اتاشی نے قونصل خانہ بند ہونے اور اہلکار میں وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہائی کمیشن کے ایک اہلکار میں کورونا وائرس کی علامات اور طبیعت خراب ہونے کے سبب اسے اسپتال بھیج دیا ہے کورونا وائرس کی علامات کے حوالے سے ابھی حتمی نہیں کہا جاسکتا تاہم این چیک اپ کے بعد وائرس کی تصدیق ہوسکے گی۔عالمی ادارہ صحت کی ہدایت پر کراچی ایئر پورٹ پر قرنطینہ قائم کر دیا گیا۔کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آئی جی جیل خانہ سندھ کا اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگھن نے وائرس سے بچاؤ کے لیے صوبے بھر کی جیلوں میں قید سزا یافتہ قیدیوں کی سزاؤں میں 60 دن کی معافی کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے قیدیوں کو عدالت میں پیشی سے استشنی دینے پر غور شروع کردیا ہے۔اس سلسلے میں سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جیلوں میں موجود قیدیوں کو مخصوص مدت کیلیے عدالتوں میں نہ لایاجائے، قیدیوں کی پیشی سے استشنیٰ کیلئے حکومت عدالت عالیہ سیرجوع کریگی۔ لاہور(سپورٹس رپورٹر، نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے شیڈول میں تبدیلی کردی ہے۔ پی سی بی نے ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کردیا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کو چار روز تک محدود کردیا گیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اب 34 کی بجائے 33 میچز کھیلے جائیں گے۔ نئے شیڈول کے مطابق دونوں سیمی فائنلز 17 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود ٹیم اب ایونٹ کی چوتھی بہترین ٹیم سے دوپہر 2 بجے پہلے سیمی فائنل میں مدمقابل آئے گی۔ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری اور تیسری پوزیشنز پر موجود ٹیموں کے درمیان مقابلہ شام 7 بجے شروع ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل 18 مارچ بروز بدھ کو شام 7 بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔ شیڈول میں تبدیلی تمام ٹیموں کے مالکان کی رضامندی سے کی گئی ہے۔ پی سی بی اس حوالے سے حکومتِ پنجاب سے مسلسل رابطے میں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈکا کراچی کے بعد پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں ہونے والے میچز شائقین کے بغیر کرانے کا اعلان۔ پاکستان سپر لیگ 2020ء کا لاہور میں 15 مارچ کو لاہور قلندرز کا میچ ملتان سلطانز سے ہوگا جس کے لیے شائقین سٹیڈیم نہیں آ سکیں گے۔ جبکہ 17 مارچ کو ہونے والے دونوں سیمی فائنل بغیر شائقین کے ہونگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹورنامنٹ کا فائنل بھی بغیر کرائوڈ کے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں نے کرونا وائرس کے بجائے سفری دشواریوں سے بچنے کیلئے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں شامل غیرملکی کھلاڑی پاکستان میں کروناوائرس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات سے مطمئن تھے البتہ کروناوائرس کے عالمی پھیلائو کے پیش نظر اور مختلف بین الاقوامی ایئر لائنز کی طرف سے فلائٹ آپریشن معطل کئے جانے کی وجہ سے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایس ایل چھوڑ کر جانے والے 21کھلاڑیوں میں کراچی کنگز کے ایلکس ہیلز ، ملتان سلطانز کے رئیلی روسوامہ، جیمز ونس، پشاور زلمی کے نام بنٹن، کارلوس بریتھ ویٹ لیام ڈاسم، جیمز ، نوٹس گریگری، لیام لیونگسٹون، جیمز فوسٹر کوچ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے اور ٹائمل ملز شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ فائیو میں شامل تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپس جانے کی پیشکش کر دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے جس پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام کھلاڑیوں کو اپنی مرضی سے لیگ چھوڑنے کی اجازت دے دی ہے کیونکہ کھلاڑیوں کا اعتماد اور یقین پی سی بی کے لیے سب سے اہم ہے۔ ابھی تک 10 غیر ملکی کھلاڑی اور ایک کوچ کی جانب سے لیگ چھوڑنے کا فیصلہ اس لیے لیا گیا ہے کہ انہیں مستقبل میں فلائٹ آپریشن معطل ہونے یا اپنے ممالک کے بارڈر بند ہونے کا خطرہ ہے۔کرونا وائرس کے ممکنہ خطرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت کر دی۔ پلیئرز سے کہا گیا ہے کہ وہ حریف کھلاڑیوں سے گفتگو ضرور کریں لیکن ہاتھ ملانے سے گریز کیا جائے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کی وجہ سے اپنی کرکٹ ٹیم کو واحد ون ڈے اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے میچ کے لیے پاکستان بھجوانے سے انکار کر دیا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش سیریز اور پاکستان ون ڈے کپ کے میچز شیڈول کے مطابق ہی ہونگے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول ٹیسٹ میچ 5 اپریل سے شروع ہوگا۔ شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین واحد ایک روزہ میچ یکم اپریل کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ چند غیر ملکی کھلاڑی واپس تو جا رہے ہیں لیکن یہ بات خوش آئند ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کو وائرس کے حوالے سے خطرات کا سامنا نہیں رہا وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اقدامات سے مطمئن تھے لیکن آنے والے دنوں میں ممکنہ سفری مشکلات نے انہیں یہ سخت فیصلہ لینے پر مجبور کیا ہے۔ لیگ چھوڑ کر جانے والے غیر ملکی کرکٹرز خوش گوار یادوں کے ساتھ واپس جا رہے ہیں۔ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران وہ بہترین مہمان نوازی اور دلچسپ کرکٹ سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں شامل 4 کھلاڑیوں اور ایک سپورٹ سٹاف رکن نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ سے دستبردار ہونے والے کھلاڑیوں میں کولن منرو، ڈیل سٹین، ڈیوڈ ملان اور لیوک رونکی کے علاوہ ٹرینر کورے روٹگئیرز کے نام شامل ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے خوف سے انڈین پریمیئر لیگ منسوخ کردی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہم کورونا وائرس کی وجہ سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ شائقین کرکٹ اچھے اور صحت مندانہ ماحول میں کرکٹ میچز سے لطف اندوز ہوں لہذا انڈین پریمیئر لیگ کا 13واں ایڈیشن 15 اپریل تک منسوخ کردیا گیا ہے۔کروونا وائرس کے خطرے کے باعث بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سیریز منسوخ کر دی گئی ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)کے مطابق جنوبی افریقین کرکٹ ٹیم دہلی سے فوری وطن واپس روانہ ہو گی۔