• news

اقوام متحدہ پابندیاں ختم کرائے: جواد ظریف، ایران جوہری مواد چھپا رہا ہے: امریکہ

تہران (اے پی پی) ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے نام ایک خط میں ایران مخالف امریکی ظالمانہ پابندیاں ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ایران کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئٹرس کے نام ایک مراسلے میں ایران مخالف امریکہ کی یکطرفہ اور غیر آئینی پابندیاں ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ایران کے ترجمانِ وزارت خارجہ سید عباس موسوی کے ایک ٹویٹ کے مطابق جواد ظریف نے اپنے ایک مراسلے میں کورونا بیماری کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ رپورٹ کے مطابق مراسلے کی کاپیاں عالمی اداروں کے سربراہوں اور تمام ممالک کے وزرائے خارجہ کو روانہ کی گئی ہیں۔دوسری جانبجوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی میں امریکی سفیر جیکی وولکوٹ نے کہا کہ ایران نے اپنے دو جوہری مراکز کے بین الاقوامی معائنوں کے متعدد بار کیے گئے مطالبے کو مسترد کرنے کا ٹھوس موقف دہرایا ہے۔ ایران پر شبہ ہے کہ ان مراکز پر اس نے جوہری مواد چھپا رکھا ہے۔جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرزکے اجلاس میں امریکی سفیر نے کہا کہ ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے سنگین خدشے کی وجہ یہ ہے کہ جوہری مواد کی قلیل مقدار کو بھی جوہری ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر ایران کے سفیر کاظم غریب آبادی نے جواب دیا کہ آئی اے ای اے نے ابھی تک اس کا کوئی مستند جواز نہیں پیش کیا۔ انہوں نے رسائی سے انکار کے ایرانی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ آئی اے ای اے، ایران کے دشمن ملک اسرائیل کی فراہم کردہ غلط اطلاعات کی بنیاد پر ان معائنوں کی درخواست کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن