پاکستان میں بھی پروفیشنل فٹبال لیگ کرائی جائے : کلیم اللہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان فٹبال ٹیم کے سابق کپتان کلیم اللہ نے فٹبال میں بھی پاکستان سپر لیگ کی طرز پر لیگ کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن جلد پروفیشنل فٹبال لیگ کے انعقاد کیلئے اقدامات کریگی۔کلیم اللہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پروگرام ہمارے ہیرو کے تحت جمعہ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ دیکھنے پہنچے۔ 27 سالہ فٹ بالر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دیگرکھیلوں سے وابستہ اتھلیٹس کو بلانے سے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ دیگر کھیلوں میں بھی اس طرح کی لیگز منعقد کی جائے۔ پروفیشنل لیگز کی وجہ سے کھلاڑیوں کا لیول بڑھتا ہے، ضرورت ہے کہ فٹبال میں بھی ایسی لیگ کرائی جائے، پوری دنیا میں پروفیشنل فٹبال لیگ ہوتی ہے۔وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں بھی پروفیشنل فٹبال لیگ کرائی جائے، امید ہے کہ پی ایف ایف جلد اس لیگ کیلئے اقدامات کرکے پی ایس ایل طرز پر فٹبال کی لیگ بھی منعقد کرے۔