پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی ہونی چاہئے: معین علی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنیوالے انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں ان کی شرکت کی ایک اہم وجہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی تھی۔ میرے والد چاہتے تھے کہ میں یہاں آ کر کھیلوں، یہ تجربہ بہت شاندار رہا، میں نے یہاں جو تین میچز کھیلے، ان میں ماحول ناقابل یقین تھا اور یہ اب تک کا میرا سب سے بہترین تجربہ رہا۔جب ان سے مستقبل میں انگلینڈ کے ممکنہ دورہ پاکستان کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر انگلینڈ کی ٹیم یہاں کا دورہ کرتی ہے تو میں اس کیلئے سب سے اہم کردار ادا کروں گا، اس سے بقیہ دنیا کو بھی پیغام جائے گا جو کرکٹ کے لیے بہترین ہو گا۔ اگر مجھ سے دورہ پاکستان کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو میں یقیناً سچائی سے کام لوں گا اور جانبدار رویہ نہیں اپناؤں گا۔ میں یہاں خود کو محفوظ تصور کرتا ہوں اور بحیثت کھلاڑی میں چاہتا ہوں کہ یہاں کرکٹ کی واپسی ہو اور میں اس کا حصہ ہوں، میں امید کرتا ہوں میں اس گروپ کا حصہ ہوں گا جو یہاں کا دورہ کرے گا اور پاکستان میں دوبارہ کرکٹ کھیلے گا۔