عمدہ کھیل کی بدولت فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کرینگے : عماد وسیم
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان سپر لیگ فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیمی فائنل میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ہمارے فاسٹ بائولرز نے آخری لمحات میں اعصاب پر قابو پایا اور عمدہ بائولنگ کے ذریعے حریف ٹیم کو بڑا ہدف دینے سے روکا جس کے بعد بلے بازوں نے پاور پلے میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ 10 اوورز کے بعد گیند سپن ہونا شروع ہوا تو ہم نے وکٹیں روکنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے مطلوبہ رن ریٹ پر بھی فرق پڑا تاہم کھیل کے آخری لمحات میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بائولرز نے اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے ہدف کا حصول مشکل بنا دیا۔ ہر میچ نیا ہوتا ہے اور اپنے اگلے میچ میں آج کی کارکردگی پر انحصار نہیں کریں گے بلکہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے حالات کے مطابق فیصلے کریں گے اور جیت کا سلسلہ برقرار رکھیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ ہم نے 15 سے 20 رنز کم بنائے اور کراچی کنگز نے پاور پلے میں بہت ہی اچھی بیٹنگ کی جس کے باعث میچ ہاتھ سے نکل گیا۔ پاور پلے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے جبکہ پچ میں نمی نہ ہونے کی وجہ سے بال بھی سوئنگ ہو رہی تھی اور میرے خیال سے ایسی وکٹ پر بابراعظم کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اچھا نہیں کھیل سکتا تھا تاہم بائولرز پاور پلے کا فائدہ اٹھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹورنامنٹ میں مجموعی کارکردگی اتنی بری نہیں تھی کیونکہ ہمیں موسم کے علاوہ دیگر مسائل کا سامنا بھی رہا اور دیکھا جائے تو ہم نے جتنے بھی میچز کھیلے، ان میں اچھی کارکردگی دکھائی تاہم ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے، آئندہ سیزن میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے کیلئے بھرپور تیاری کریں گے۔