• news

اولمپکس نہ ہوئے تو ایشیاء کپ‘ٹی ٹونٹی ورلڈکپ خطرے میں پڑ سکتے ہیں:وسیم خان

لاہور(نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہے کہ اگر جولائی میں جاپان اولمپکس نہ ہوئے توستمبر میں ایشیاء کپ اور اکتوبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو بھی خطرات ہوسکتے ہیں۔ پوری دنیا میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو کرونا نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے لیکن ہم پوری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، میری بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سی ای او نظام الدین چوہدری سے بات ہوئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ہم نے ابھی پاکستان کا دورہ ختم نہیں کیا، بنگلہ دیش بورڈ دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنے بورڈ کے پاس جارہا ہے، اس کی سفارش پر مزید فیصلہ کیا جائے گا۔اس بارے میں تین دن میں فیصلہ ہوگا۔ وسیم خان نے کہا کہ پی ایس ایل کے نقصانات کا ابھی جائزہ نہیں لیا ہے۔اس بارے میں ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد تفصیلات جمع کررہے ہیں۔ جن کھلاڑیوں کو پاکستان میں سردی لگی تھی ان کے ٹیسٹ کرائے گئے لیکن کسی کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا ہے۔ ہمارے لیے ضروری تھا کہ پی ایس ایل مکمل کرتے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کو ہم نے آپشن دیا تھا کہ وہ جانا چاہیں تو جاسکتے ہیں۔ پاکستان نے2023ء میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کے لئے درخواست دی ہے۔کرونا وائرس اس وقت تک ختم ہوجائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن