پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ نہیں کیا: شین واٹسن
لاہور(نمائندہ سپورٹس )کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راونڈر شین واٹسن نے کہا ہے کہ ابھی پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ نہیں کیا،پاکستان آکر بہت اچھا لگا،ہوسکتا ہے اگلے سال پھر آوں۔ شین واٹسن نے کہا کہ ہماری ٹیم اب تک اپنی روایتی پرفارمنس نہیں دے سکی، ہمارے پاس عمر اکمل جیسا ورلڈ کلاس مڈل آرڈر بیٹسمین نہیں، اس کے نہ ہونے سے ایک بڑا خلاپیدا ہوا، پھر ہمارے پاس نوجوان فاسٹ بائولرز تھے، وہ اتنے تجربہ کار نہیں جس کی وجہ سے وہ پرفارمنس نہ ہو سکی جو امید کی جارہی تھی۔پی ایس ایل سے اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، ہوسکتا ہے کہ میں اگلے سال بھی یہاں آوں، مجھے پاکستان آکر بہت اچھا لگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک ٹف ٹورنامنٹ ہے، کوالٹی کے اعتبار سے بھی یہ لیگ زبردست ہے، فاسٹ بائولرز کی ایک اچھی تعداد موجود ہے جو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بولنگ کرتے ہیں۔