مکمل پی ایس ایل کھیل کرہی واپس لوٹوں گا: بین ڈنک
لاہور( نمائندہ سپورٹس) لاہور قلندرز کے جارح مزاج بلے باز بین ڈنک نے پاکستان میں قیام کے اپنے فیصلے پر کھل کر اظہار خیال کردیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بین ڈنک کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل حکام کرونا وائرس کی صورتحال کے بارے میں مسلسل آگاہ کررہے ہیں، یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے کہ میں گھر جانا چاہتا ہوں یا رہنا چاہتا ہوں۔ فی الحال انہیں کوئی ٹینشن نہیں ہے اور اگر حالات ایسے ہی رہے تو مکمل پی ایس ایل کھیل کر ہی واپس لوٹیں گے۔ ہم نے آسٹریلیا میں حالات پر نظر رکھی ہوئی ہے اور حالات دیکھ کر کوئی فیصلہ کرسکتے ہیں۔یاد رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظرپی ایس ایل میں شامل بعض غیرملکی کھلاڑیوں نے واپس جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق ان کھلاڑیوں کے پی ایس ایل سے آؤٹ ہونے کے بعد تمام ٹیموں کو قانون کے مطابق متبادل کھلاڑیوں کے انتخاب کی اجازت ہوگی، جس کی منظوری ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی دیگی جبکہ پی سی بی اس ضمن میں صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا رہے گا اور اس دوران وہ تمام ٹیم مالکان سے رابطے میں رہیگا۔