دنیائے کرکٹ کا پہلا کھلاڑی کرونا کا شکار، ملتان سلطانز کے ملکی ، غیر ملکی کھلاڑی کلیئر قرار
لاہور(نمائندہ سپورٹس) دنیائے کرکٹ کا پہلا کھلاڑی جو مبینہ طور پر کرونا وائرس کا شکار ہوگیا، آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے پہلے میچ کے دوران کیوی کرکٹر لوکی فرگوسن طبیعت بگڑنے اور وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں لوگوں کو متاثر کیا ہے، وہیں اب تک خوش قسمتی سے دنیا کا کوئی بھی کرکٹر اس وائرس کا شکار نہیں ہوا تھا۔تاہم اب بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کھیلنے میں مصروف کیوی فاسٹ باولر لوکی فرگوسن میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی ہے۔ آسٹریلیا کیخلاف پہلے میچ کے بعد ان کی طبیعت خراب ہو گئی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ہسپتال میں لوکی فرگوسن کو علیحدہ رکھ کر ان کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔کرونا وائرس کے باعث آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز ختم کر دی گئی۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ گزشتہ روز کھیلا گیا جبکہ سیریز کا دوسرا ون ڈے کل سڈنی اور تیسرا ون ڈے جمعہ کو ہوبارٹ میں کھیلا جانا تھا جو کرونا وائرس کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔کروناوائرس کے باعث نیوزی لینڈ کی حکومت نے سرحد پر پابندیاں عائد کردی ہیں جبکہ مشکلات سے بچنے لئے نیوزی لینڈ کے کرکٹرز فوری وطن روانہ ہوں گے۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔پاکستان سپر لیگ فائیو میں اتوار کو اپنا آخری میچ کھیلنے کے لیے کراچی میں موجود ملتان سلطانز کی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشل کی گزشتہ صبح نجی ہسپتال میں کرونا وائرس سکریننگ کرائی گئی اور تمام کھلاڑیوں کو کلیئر قرار دیا گیا ہے۔ملتان سلطانز ٹیم کے چار کھلاڑی اور چار آفیسرز کو سخت سکیورٹی میں نیشنل سٹیڈیم کے قریب ہی واقع نجی اہل لایا گیا جہاں کوچ مشتاق احمدسمیت ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں اور ملتان سلطانز آفیشلز کی کرونا سکریننگ کی گئی جس کے بعد کھلاڑی واپس ہوٹل روانہ ہو گئے۔ذرائع کے مطابق کھلاڑی اور آفیشلز کرونا سکریننگ میں کلیئر قرار دیئے گئے ہیں۔