مسلم لیگ (ن) سے مزید پنچھی اڑان بھرنے کو تیار: لندن قیادت متحرک
ملتان (رپورٹ محمد نوید شاہ سے) مسلم لیگ ن کی لندن میں موجود قیادت نے اراکین اسمبلی کے باغی ہونے کے معاملہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ ناراض اور روٹھے ہوئے کارکنوں کو منانے کی غرض سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘ اور احسن اقبال کو میدان میں اتار دیا گیا ہے۔ مرکزی رہنماؤں نے مخدوم جاوید ہاشمی سے ملاقات کے بعد اعلیٰ قیادت کی جانب سے جنوبی پنجاب میں متحرک کردار ادا کرنے کا پیغام دے دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ممکنہ طور پر مزید 15 سے 20 اراکین کے حکومت سے ملنے کی اطلاعات ہیں جس پر لیگی قیادت جنوبی پنجاب میں پارٹی کو فعال کرنے اور ناراض اراکین کو منانے کا اہم ٹاسک لیگی قائدین کو سونپا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال ملتان پہنچ گئے۔ پارٹی نے ان کے دورے کو ذاتی نوعیت کا دورہ قرار دیا تھا تاہم لیگی اندرونی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا دورہ ذاتی نوعیت کا نہیں بلکہ پارٹی میں ممکنہ توڑ پھوڑ کو روکنے کا ایک واضح عمل تھا۔ لندن میں موجود پارٹی قیادت نے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے 6 اراکین اسمبلی کے باغی ہونے کے بعد باقی اراکین اسمبلی سے رابطوں کو بڑھانے اور ناراض اور روٹھے ہوئے کارکنوں کو منانے کا اہم ٹاسک پاکستان میں موجود لیگی قائدین کو سونپ دیا ہے۔ اس معاملہ میں ایک بار پھر مخدوم جاوید ہاشمی مرکزی اہمیت حاصل کر گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں مرکزی رہنماؤں نے مخدوم جاوید ہاشمی سے ہونے والی اپنی ملاقات میں پارٹی کو جنوبی پنجاب میں فعال کرنے اور کارکنوں کو منانے سمیت دیگر معاملات پر ان کو اعتماد میں لیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ملتان سے بہاول پور چلے گئے جہاں انہوں نے بلیغ الرحمن سے بھی ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان دوروں کا اصل مقصد پارٹی کی ساکھ کو بحال کرنا اور کارکنوں کا حوصلہ بڑھانا ہے۔