سرگودھا، واہنڈو: چھتیں، بجلی گرنے سے بہن بھائی سمیت 3 جاں بحق، 13 زخمی
سرگودھا/واہنڈو/ کامونکے (نامہ نگاران) چھتیں اور بجلی گرنے کے تین واقعات میں بہن بھائی سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دس زخمی ہو گئے۔ واہنڈو ہرڑ روڈ کا رہائشی پچاس سالہ مشتاق احمد ، تیس سالہ بیٹا ملک اسامہ ،رسولنگر کا چالیس سالہ اصغر،ساٹھ سالہ بشیر،کوٹلی گل محمد کا پچاس سالہ سیف اللہ، پینسٹھ سالہ ریاست علی،سلامت پورہ کا اکیس سالہ عدنان مسیح، غلام مصطفٰی اور تاجدین چارہ منڈی میں کام کررہے تھے کہ بارش سے بچنے کے لئے سب قریبی درخت کے نیچے کھڑے ہوگئے تو آسمانی بجلی ان کے اوپر آگری جس کے نتیجہ میں مشتاق موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دیگر افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔ مزید برآں سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں مکان کی چھت گرنے کے 2 واقعات میں بہن بھائی جاں بحق اور خاتون، بچے سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق شدید بارش کے باعث حویلی میاں شیر علی میں محمد علی کے مکان کی چھت اچانک گرنے سے ملبہ تلے دب کر آصف محمود اس کی بہن طاہرہ بی بی جاں بحق اور خاتون، بچے سمیت تین افراد فوزیہ بی بی،جعفر شدید زخمی ہو گئے جن کو ملبہ سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں کلورکوٹ کے موضع ذمے والا میں بارش کے باعث چھت گرنے سے ملبہ تلے دب کر تین افراد زخمی ہو گئے جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔