حکومت کرونا کی صورتحال سے غافل نہیں، وزیر اعظم خود نگرانی کر رہے ہیں: ہمایوں اختر
اسلام آباد( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کورانا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے ہرگز غافل نہیں بلکہ اس کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،شہباز شریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان سے متعلق مایوسی پھیلانے سے گریز کریں بلکہ اپنی جماعت کے پرزور مطالبے کو خاطر میں لاتے ہوئے ملک میں واپس آ ئیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو کے پیش نظر پیشگی انتظامات کا آغاز کر دیا گیا تھا اور وزیر اعظم عمران خان اس حوالے سے سارے معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں ۔حکومت نے ایک طریق کار وضع کیاہے جس کے تحت مرکز اور صوبے کورانا وائرس کے بارے میں تازہ ترین معلومات اوراعدادوشمارکے تبادلے کیلئے رابطے میں ہیں۔حکومت نے ایمر جنسی کے تحت بڑی تعداد میں وینٹی لیٹرزدرآمدکرنے کافیصلہ کیاہے تاکہ جہاں بھی ضرورت ہو ان کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہباز شریف لندن میں بیٹھ کر اورمگر مچھ کے آنسو بہا کر عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے ، آج معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور اسی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے پیٹ میںمروڑ اٹھ رہے ہیںاور انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ آپ کے اس درد میں مزید اضافہ ہوگا۔