• news

کڈنی انسٹیٹیوٹ لاہور میں کروانا سنٹر قائم، عثمان بزدار نے انتظامات کا جائزہ لیا

لاہور (نیوز رپورٹر)بزدار حکومت نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں کورونا کیئر سینٹر قائم کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز تعطیل کے باوجود کورونا کیئر سینٹر کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کیئر سینٹر میں ممکنہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کیے جانے والے پیشگی انتظامات کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کیئر سینٹر میں بیڈز کی دستیابی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا کے ممکنہ مریضوں کیلئے تمام ترضروری اقدامات کیے ہیں اور پی کے ایل آئی میں 30بستروں پر مشتمل کورونا کیئر سینٹرکا قیام پیشگی انتظامات کے سلسلے کی کڑی ہے اور کورونا کیئر سینٹر میںآؤٹ ڈور اور ان ڈور مریضوں کیلئے بہترین انتظامات کا مشاہدہ کیا ہے جبکہ ممکنہ مریضوں کیلئے پی کے ایل آئی میں بھی تین فلور مختص کردیئے گئے ہیں اور پی کے ایل آئی کے تین فلورز پر بیڈزکی تعداد75ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی کے ایل آئی میں ضرورت پڑنے پر مزید500 بیڈز کی گنجائش موجود ہے۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر بہترین حکمت عملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ صوبے کے عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں۔کورونا وائرس سے بچائو کیلئے جاری ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کوروناکے ممکنہ مریضوں کیلئے دستیاب طبی سہولتوں اور علاج معالجے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرو میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر، سیکرٹری اطلاعات اور پی کے ایل آئی کے سینئر ڈاکٹرز بھی موجود تھے ۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیگر صوبوں سے پنجاب آنے والے زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیں اور دیگر صوبوں سے پنجاب آنے والے زائرین کی مکمل دیکھ بھال کی جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ زائرین کی دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھانہ رکھے۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے امورکی خود نگرانی کریں۔

ای پیپر-دی نیشن