نوائے وقت کا قیام پاکستان میں مثالی کردار رہا: گورنر سرور
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے 23مارچ کو قرارداد پاکستان اور نوائے وقت کی اشاعت کے 80سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جناب حمید نظامی کی قیادت میں نوائے وقت کا مسلمانوں کو متحد کرنے اور قیام پاکستان میں مثالی کردار رہا ہے۔ مجید نظامی نے بھی نظریہ پاکستان کے تحفظ کی عظیم مثال قائم کردی ہے اور آج رمیزہ مجید نظامی ان کے مشن کو جس کامیابی سے لیکر آگے چل رہی ہیں وہ بھی قابل تحسین ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ تحریک پاکستان میں نوائے وقت نے مسلمانوں کے حقوق اور انکی امنگوں کی بھرپور ترجمانی کی اور حمید نظامی مرحوم قائد اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ قیام پاکستان کیلئے جدوجہد میں پیش پیش رہے۔ نوائے وقت نے اپنی زندگی کے 80سال کے دوران آئین پاکستان 1973 اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی اور استحکام کیلئے بھی مثالی کردار ادا کیا ہے اور آج بھی کشمیر کے مسئلہ کو نوائے وقت جس طرح اجاگر کر رہا ہے اسکی بھی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ موجودہ حالات میں نوائے وقت کی ذمہ داریاں اور بڑھ گئی ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ رمیزہ مجید نظامی کی قیادت میں نوائے وقت قومی امنگوں کی ترجمانی کرتا رہے گا۔