• news

قومی یکجہتی سے کرونا کو شکست دینگے: فردوس عاشق، تین پڑوسی ممالک سے ہوشیار رہنا ہوگا: شاہ محمود

اسلام آباد (صباح نیوز‘ آن لائن) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات  فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کرونا وائرس کے تدارک کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ عوام ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کریں۔ معاشی طور پر مستحکم اور شعبہ طب میں بہتر نتائج رکھنے والی اقوام نے بھی احتیاطی تدابیر اپنائیں۔کرونا سے بچا ئو کیلئے ہمارے بروقت اقدامات کی گواہی ڈبلیو ایچ او بھی دے رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹر  پر جاری بیان  میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کرونا کے بین الاقوامی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے حکومت  نے عوام کے مفاد، تحفظ اور سلامتی کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ ایک ہو کر اس وائرس کو شکست دیں گے۔ مشکل وقت ہے، لیکن ہماری قوم ہر آزمائش میں سرخرو ہوئی ہے۔ دریں اثناء ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے تین پڑوسی ملکوں میں کرونا کا اثر نمایاں ہے، پاکستان کو ہوشیار رہنا ہو گا، اگر پاکستان کا بہت سے ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ بھی موازنہ کریں تو ہم پر اللہ تعالیٰ کا کرم ہے، میں خود صدر ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ چین جا رہا ہوں۔ ان سے ہم مشاورت بھی کریں گے اور ان کے تجربات سے مستفید بھی ہوں گے اور خدانخواستہ اگر ہماری مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے تو ہماری جو ضروریات ہیں اس پر بھی ان سے تبادلہ خیال کریں گے کہ وہ اپنے تجربوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہماری کس طرح مدد کرسکتے ہیں، خدا کرے وہ نوبت نہ آئے لیکن احتیاطی حکمت عملی  پر عمل کرنا ہو گا۔ وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے نوشہرہ کے علاقے پشتون گڑھی میں  کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء ابھی قابو میں ہے۔ خیبر  پی کے‘ پنجاب اور بلوچستان کی حکومت نے کرونا وائرس کو روکنے کے لئے اچھے اقدامات کئے ہیں۔ کرونا وائرس کو روکنے میں حکومت سمیت اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن پر بھی یکساں ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن