• news

چین سٹریٹجک پارٹنر اظہار یکجہتی کیلئے آئے ہیں : صدر علوی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وہ چین کے صدر ژی جن پنگ کی دعوت پر چین آئے ہیں، وہ چین کے ساتھ پاکستان کی طرف سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ چین روانہ ہونے سے پہلے نور خان ایئر بیس پر میڈیا سے بات چیت کرتے صدر علوی نے کہا کہ چین نے پاکستان پر کرونا وائرس بحران کے دوران اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان نے بھی چین کا اس میں بھرپور ساتھ دیا ہے۔ دونوں ملکوں نے مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیکر دوستی کا ثبوت دیا ہے۔ چین میں صدر شی جن پنگ اور دوسرے لیڈروں سے ملاقات میں پاکستان چین دوستی کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال ہو گا۔ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے سٹرٹیجک پارٹنرز ہیں اور یہ پارنٹرشپ وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق صدر کے ساتھ دورہ چین پر روانگی کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صدر کے دورے کا مقصد چینی قیادت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ چینی قیادت سے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہو گی۔ مسئلہ کشمیر‘ افغان امن عمل سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔ زراعت‘ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شعبوں مین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ چین نے جس طرح پاکستانی طلباء کا خیال رکھا وہ قابل تحسین ہے۔ ٹڈی دل کے تدارک کیلئے چینی تعاون پر شکر گزار ہیں۔ کرونا ٹیسٹنگ سے متعلق بھی چین نے ہماری مدد کی۔ اقتصادی راہداری منصوبے جلد مکمل ہوں گے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغان مسئلے کا حل عسکری نہیں ہے۔ عالمی برادری نے افغانستان میں قیام امن کیلئے مذاکرات کی اہمیت تسلیم کی ہے‘ معاہدے کی شرائط پر عملدآمد افغان قیادت کی ذمہ داری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن