• news

کندیاں ، خوشحال ایکسپریس کا کھلے پھاٹک پر ٹرک سے تصادم ، جیکب آباد مین سکھر ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی

جیکب آباد‘ میانوالی (این این آئی + نامہ نگار) کراچی آنے والے سکھر ایکسپریس سگنل کی خرابی کے باعث کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد ٹرین کا انجن پٹڑی سے اتر گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک مسافر ٹرین بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ جیکب آباد سے کراچی آنے والے سکھر ایکسپریس مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا کر بڑے حادثے سے بچ گئی۔ مسافر ٹرین جیکب آباد سے کراچی آرہی تھی کہ اللہ ڈنو ساند سٹیشن پر سگنل کی خرابی کے باعث مخالف سمت سے آنے والی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد سکھر ایکسپریس کا انجن ٹریک سے اتر گیا۔ انجن اترنے سے ٹریک بلاک مکمل طور پر ہونے سے ٹرینوں کی آمدورفت بند ہوگئی۔ تاہم امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔ دریں اثناء گذشتہ شب اڑھائی بجے کراچی براستہ ملتان کندیاں تا پشاور جانے والی 19- اپ خوشحال ایکسپریس پیسینجر ٹرین جب خانقاہ سراجیہ چشمہ نزد کندیاں کے پھاٹک کے قریب پہنچی تو یہ کھلا تھا، ڈرائیور اوپن کراسنگ نہ دیکھ سکا اور نہ ہی تیز رفتار ٹرین کی بریک لگ سکی اس دوران ایک مرغیوں سے لوڈ منی ٹرک بھی اچانک کھلے پھاٹک پہ پہنچ کر گاڑی کی زد میں آگیا جس سے ٹرک مکمل تباہ اور تمام مرغیاں مر گئیں جبکہ ٹرک ڈرائیور اور اس کا ہیلپر شدید زخمی ہو گئے جنہیں نزدیکی ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے تاہم ریلوے انجن کا ڈرائیور اور فائرمین اور ٹرین کے مسافر حادثہ میں محفوظ رہے۔ ادھر ریلوے پولیس موقع پہ پہنچ گئی اور پھاٹکی اور ٹرک ڈرائیور کے خلاف مقامی تھانہ میں مقدمہ درج کرا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن