جمع کے اجتماعات مختصر کریں ، بچے بزرگ مساجد نہ جائیں ، اسلامی نظریہ کونسل
اسلام آباد (نیٹ نیوز) اسلامی نظریہ کونسل نے کہا ہے علمائے کرام نمازجمعہ کے اجتماعات کو مختصر کریں اور بزرگ و بچے مساجد میں نہ جائیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادی نے نماز جمعہ اور دیگر مذہبی اجتماعات سے متعلق علمائے کرام سے مشاورت کی تھی، جس پر علما نے اپنی سفارشات وفاقی وزیر کو دے دی ہیں۔ چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ملک میں جاری مذہبی اجتماعات ملتوی کیے جائیں، فی الحال مساجد بند کرنے یا نماز جمعہ کی ادائیگی پابندی کی کوئی صورتحال نہیں، تاہم نماز جمعہ کے اجتماع میں بیانات کے بجائے مختصر خطبہ دیا جائے، جمعہ کے اجتماعات مختصر ہوں، بچے اور بزرگ افراد مسجد نہ جائیں۔ قبلہ ایاز نے کہا ہے اسلامی نظریہ کونسل کی سفارشات کل وفاقی کابینہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی، اور نماز جمعہ کے اجتماعات پر حتمی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے، لیکن صورتحال خراب ہونے پر نمازجمعہ کے اجتماع پر پابندی عائد ہوئی تو اس پر عمل کرنا ضروری ہے۔