• news

شہر میں 21لاکھ کے ڈاکے‘ شیخوپورہ‘ ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان قتل

لاہور ‘ شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت) لاہور کے مختلف علاقوں میں 21لاکھ کے ڈاکے‘ 2گاڑیاں‘ 3موٹرسائیکل چوری کر لئے گئے جبکہ شیخوپورہ میں موبائل شاپ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے نوجوان ارسل ریاست جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ لاہورسے نمائندہ خصوصی کے مطابق لاہور میں مختلف مقامات پر متعدد وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے مالیت کی نقدی زیورات اور قیمتی اشیاء سے محروم کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ستوکتلہ میں ڈاکو اعظم کے گھر سے 6لاکھ 65 ہزار مالیت کی نقدی، زیورات و دیگر اشیاء لوٹ کر فرار ہوگئے۔ کوٹ لکھپت میں عنصر کے گھر سے 4لاکھ 60 ہزار روپے کی نقدی، پرائز بانڈ اور طلائی زیورات لوٹ کر لئے گئے، گلبرگ میں ریحان اور فیملی سے 1لاکھ 75ہزار کی نقدی و زیورات، شادباغ میں شیراز اوراس کی فیملی سے1لاکھ 40ہزارکی نقدی و زیورات، گلشن راوی میں یوسف سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو 45ہزار، ساندہ میں موسیٰ سے 60ہزار نقدی، موبائل فون اور باٹا پور سے شیر بہادر سے 20ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے۔ رائے ونڈ میں طالب اور اس کی فیملی سے 3 لاکھ مالیت، لوئر مال کے امجد سے 2 لاکھ کی واردات ہوئی۔ نامعلوم چور ستوکتلہ، گرین ٹاؤن سے گاڑیاں جبکہ پرانی انارکلی، شیراکوٹ اور لاری اڈا سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہو گئے۔ دریں اثناء شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق تھانہ ہاؤسنگ کالونی کی حدود کمبوہ مارکیٹ میں موٹرسائیکل سوار 3 ڈاکوؤں نے موبائل شاپ میں داخل ہو کر گن پوائنٹ پر لوٹ مار شروع کردی جبکہ مزاحمت کر نے پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر نواجوان ارسل ریاست زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ جسے تشویشناک حالت کے تحت ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہیڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا جسے تھانہ ہائوسنگ کالونی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو کی نشاندہی پر اسکے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن