نیو اسلام آباد ایئرپورٹ ہر قسم کے غیر متعلقہ افراد کی آمد و رفت کیلئے بند
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) نیو اسلام آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ کے اندر ہر قسم کے غیر متعلقہ افراد کی آمد و رفت روک دی گئی۔ کورونا وائس کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ائر پورٹ پرانتظامیہ نے موثر سیکیورٹی انتظامات کیلئے رینجرز کی مدد لینے پر بھی غور شروع کردیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے اندرون و بیرون ملک پروازوں کی آمد ورفت کے لائونج میں داخلے پر پابندی لگادی ہے رش سے بچنے کیلئے ائر پورٹوں پر عام لوگوں کے بیٹھنے کیلئے لگائے گئے بنچ بھی ہٹا دئے گئے ہیں۔ ڈرائیوروں کو صرف ائر پورٹ کی پارکنگ تک ہی محدود رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سول ایوی ایشن نے ائرپورٹ پر آنے والی خواتین اور بچوں کو ائرپورٹ میں بلاضرورت داخلے سے روک دیا ہے۔