• news

جمعہ کی اردو تقریر ختم‘ نماز فرش پر ادا کی جائے: دارالافتائ‘ وفاق المدارس

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تمام مسالک کے علماء کرام کے نمائندہ اجلاس میں کرونا وائرس سے بچائو اور نجات کے لئے فتویٰ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ کرونا وائرس سے نجات کے لیے شریعت اسلامیہ کے رہنما اصولوں کو اپنانا ہوگا، جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں اردو تقریر ختم کر کے خطابات کو عربی خطبات تک محدود کر نے، مساجد میں صفوں کے درمیان فاصلہ رکھنے، مساجد میں نماز باجماعت فرش پر ادا کرنے کا اہتمام کیا جائے۔ تمام سیاسی و مذہبی اجتماعات کو فی الفور ملتوی کر دیا جائے، نماز کی ادائیگی سے قبل اگر سرف یا صابن سے فرش کو دھو لیا جائے تو بہتر ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام دارالافتاء پاکستان، وفاق المساجد و المدارس پاکستان اور مختلف مکاتب فکر کے جید علماء و مشائخ نے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے بعد جاری فتویٰ میں کہی۔ اجلاس میںعلامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا محمد خان لغاری، قاری جاوید اختر قادری، مولانا محمد حنیف بھٹی، علامہ سید سجاد نقوی، علامہ غلام اکبر ساقی، علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا محمد رفیق جاری، مولانا نعمان حاشر، قاضی مطیع اللہ سعیدی، علامہ عبدالکریم ندیم، مولانا اسد اللہ فاروق، مفتی محمد عمر فاروق، مولانا ابوبکر صابری، مولانا اسد زکریا قاسمی، مولانا محمد نواس، مولانا مفتی حفیظ الرحمٰن، مولانا عمار بلوچ، مولانا سید محمد یوسف شاہ، علامہ طاہرالحسن، قاری عصمت اللہ معاویہ، مولانا اسید الرحمٰن سعید، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا حسین احمد درخواستی، مولانا زبیر عابد، مولانا یاسر علوی و دیگر موجود تھے۔ قائدین نے اپیل کی کہ پوری قوم کثرت سے استغفار کرے، آیت کریمہ، درود شریف کا مسلسل ورد کیا جائے اور حسب استطاعت صدقات و خیرات کریں۔ حکومت کی طرف سے جاری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ نمازی سنتیں گھر میں ادا کریں۔ مصافحہ اور معانقہ کی بجائے زبان سے السلام علیکم و رحمۃ اللہ کہا جائے۔ ذخیرہ اندوزی سے مکمل گریز کیا جائے۔ مریض، بزرگ حضرات مساجد کی بجائے گھر میں نماز ادا کریں۔ مساجد میں وضو خانوں اور طہارت خانوں کی مکمل صفائی کا خیال رکھا جائے۔ صابن اور اگر ممکن ہو تو سنیٹائزر رکھے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن