• news

کرونا کٹس کی عدم فراہمی، ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال، گورنر سے ملاقات کے بعد موخر

لاہور(نیوزرپورٹر)مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے پر ینگ ڈاکٹرز نے سرکاری ہسپتالوں کے ان ڈورز اور آؤٹ ڈورز میں کام بند کر دیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے ڈاکٹرز کو حفاظتی سامان نا ملنے کی وجہ سے ہڑتال کر رہے ہیں۔ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ صرف ایمرجنسی میں ڈیوٹی دیں گے۔ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ اور ٹیسٹ کی سہولتیں متاثر ہو ئیں اور علاج کے لئے دور درارز سے آئے مریض اور لواحقین پریشان رہے۔ بعدازاں گور نر پنجاب سے ملاقات کے بعدینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدرڈاکٹر سلمان حسیب نے احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا۔ ڈاکٹر نے گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سمیت گورنر کے تمام سٹاف اور سیکورٹی اہلکاروں کوسکریننگ کے بعد کرونا سے محفوظ قرار دیدیا جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت کرونا کی وباء کے روک تھام کیلئے تمام وسائل استعمال کر ے گی۔ ڈاکٹرز بھی حکومت کا بھر پور ساتھ دیں اور عوام کو کرونا کی وباء سے بچایا جائے۔کرونا کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے سب کو اپنا کرداد ادا کر نا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز گور نر ہاؤس لاہور میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے ینگ ڈاکٹرز ایسوی ایشن پنجاب کے صدر ڈاکٹر سلمان حسیب،سینئر صدر ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن پنجاب ڈاکٹر شعیب نیازی،صدر میو ہسپتال لاہور ڈاکٹر محمود احمد اورصدر جناح ہسپتال ڈاکٹر عاقب جاوید اور دیگر نے ملاقات کی اور ملاقات کے دوران ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کو کرونا وائرس سے پیدا ہونیوالے حالات سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بتایا جسکے بعد ینگ ڈاکٹر زایسوسی ایشن نے گور نر پنجاب کی درخواست پر سر کاری ہسپتالوں میں اپنا احتجاج مؤخرکر نے کا اعلان کر دیا جبکہ دوسری طر ف گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی ہدایات پر کرونا کی وباء سے بچنے کیلئے گور نر ہاؤس میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں جبکہ ڈاکٹر نے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی بھی گور نر ہاؤس کے مین گیٹ پر سیکر یننگ کی جسکے بعد گور نر اپنے دفتر آئے جبکہ گورنر ہاؤس میں آنیوالے تمام افراد اور سٹاف کی بھی روزانہ کی بنیادوں پر سکر یننگ ہوگی ۔

ای پیپر-دی نیشن