میو ہسپتال: مریض کرونا سے جاںبحق نہیں ہوا، میڈیکل رپورٹس میں تصدیق
لاہور‘ اسلام آباد(نیوز رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت) لاہور میں کرونا وائرس کا مشتبہ مریض میو ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ میو ہسپتال میں کرونا وائرس کا مشتبہ مریض غلام عمران ایران سے چند روز قبل پاکستان واپس آیا تھا‘ طبیعت خراب ہونے پر غلام عمران کو ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد لایا گیا‘ ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد انتظامیہ نے اسے میو ہسپتال ریفر کیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ میو ہسپتال میں جاں بحق ہونیوالے عمران علی کی رپورٹس آگئی ہیں جن میں اسے کرونا وائرس نہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ مشکل کے اس ٹائم میں ہم سب کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ادھر ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نوید شہزاد مرزا نے کہا کہ کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی‘ میڈیکل رپورٹ کے مطابق غلام عمران ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا تھا اور اس کی موت بھی جگر فیل ہونے کی وجہ سے ہوئی۔