• news

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت، جلد فیصلہ کیا جائے

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پی ٹی آئی فنڈنگ کیس میں بار بار التواء اور فیصلہ نہ ہونے کے خلاف متحدہ اپوزیشن الیکشن کمشن پہنچ گئی اور چیف الیکشن کمشنر سے کیس کا جلد از جلد فیصلہ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ متحدہ اپوزیشن نے الیکشن کمشن سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرکے جلد فیصلہ سنانے کی درخواست کر دی۔ جبکہ انتخابی عمل کے حوالے سے تجاویز کے لئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ متحدہ اپوزیشن کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کے حواریوں کی تلاشی مانگی جارہی ہے۔ دنیا کی تلاشی مانگنے والے اپنی تلاشی دینے کو تیار نہیں ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے فارن فنڈنگ کیس کی دوبارہ سے سماعت کی جائے۔ خدشہ یہ ہے کہ اس جماعت کو پاکستان دشمن لابیز نے فنڈنگ کی ہے۔ اس حکومت کے ہاتھوں ملک کا وہ نقصان ہوا ہے جو شاید کوئی پاکستان کا دشمن باہر بیٹھ کر نہیں کر سکتا تھا۔ اوورسیز پاکستانیوں کو نئے پاکستان کا خواب بیچ کر ان کی جیبیں کاٹی گئیں، ان کا پیسہ کس کی جیب میں گیا؟۔ تمام سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلائی جائے تاکہ ہم یہ بتاسکیں کہ 2018ء کے انتخابات میں کیا کمی، کوتاہی کیا بد عنوانی ہوئی۔ انتخابی عمل کو ہائی جیک کرنے کی اجازت ہر گز نہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد اپوزیشن رہنمائوں خواجہ آصف، احسن اقبال، فرحت اللہ بابر اور مولانا صلاح الدین ایوبی نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ متحدہ اپوزیشن کے وفد میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، خرم دستگیر، پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر اور جے یو آئی ف کے رہنما مولانا صلاح الدین ایوبی شامل تھے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اپوزیشن کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی ہے، ہم نے یادداشت پیش کی کہ کئی سال ہو گئے فارن فنڈنگ کیس دائر ہوا ہے اوراس پر کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی۔ ہر الیکشن پر کوئی نہ کوئی سوالیہ نشان ضرور بنا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر ایسے الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں جس سے ووٹ کی عزت کا تحفظ کیا جائے۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کی گئی کہ تمام سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلائی جائے۔ جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ عمران خان سے مطالبہ ہے کہ کیوں ایسی باتیں کرتے ہو کہ خود ان پر عمل نہیں کرتے ہو، ہمارا مطالبہ ہے فارن فنڈنگ کیس کی دوبارہ سے سماعت کی جائے۔چیف الیکشن کمشنر سے اپوزیشن رہنمائوں کی ملاقات پر ای سی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشن فارن فنڈنگ کیس میں غیرضروری التوانہیں کرے گا۔ الیکشن کمشن میں تمام معاملات پر ترجیحی بنیادوں پر سماعت ہورہی ہے۔ سکروٹنی کمیٹی رپورٹ آنے پر کیس میں غیرضروری التواء نہیں ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن