زلفی بخاری نے زائرین کو تفتان سے اندرون ملک آنے کی اجازت دی: خواجہ آصف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے ایران سے آنے والے زائرین کو تفتان سے اندرون ملک آنے کی اجازت دی تھی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث چین سے طلبا نہیں لائے گئے لیکن تفتان کے راستے لوگوں کا سیلاب آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے زائرین کو تفتان سے پاکستان آنے کی اجازت دی۔ اب یہ قافلے کہاں ہیں اور کن شہروں میں ہیں کچھ پتا نہیں۔ ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس کورونا وائرس سے نمٹنے کی اہلیت ہی نہیں ہے، پورے ملک میں کورونا وائرس پھیل چکا ہے اور اس کا کوئی سراغ ہی نہیں مل رہا۔ دوسری جانب تفتان سے زائرین نکالنے کے الزامات پر وزیراعظم کے معان خصوصی زلفی بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے تفتان سرحد پر موجود زائرین کو اندرون ملک بھیجنے کے لیے وزیراعلٰی بلوچستان سے کبھی بات نہیں کی۔ وہ زائرین کے معاملے پر کسی ادارے یا کسی فورم پر اثر انداز نہیں ہوئے ہیں۔ ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے اکھٹے ہوکر لڑنے کی ضرورت ہے۔