• news

موڈیزنے کرونا کے باعث پاکستان کی شرح نمو کم کرکے 2.5 فیصد کردی

اسلام آباد (آن لائن) موڈیز انویسٹر سروس نے کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کی رواں مالی سال کی شرح نمو کم کرکے 2.5 فیصد کردی۔ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019ء میں نیو یارک کی ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان کی شرح نمو 2.9 فیصد رکھی تھی۔ دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جی ڈی پی کی شرح نمو کا 3 فیصد کا تخمینہ لگایا گیا جبکہ اس سے قبل 3.5 فیصد شرح نمو بتائی گئی تھی۔ موڈیز نے کورونا وائرس کے اثرات پر اپنے تازہ ترین 'علاقائی کریڈٹ آؤٹ لک اپ ڈیٹ' میں کہا کہ اے پی اے سی کے لیے خطرات کم ہورہے ہیں جن میں کمزور یورپی اور امریکی معیشتیں شامل ہیں۔ انہوں نے پیش گوئی کہ چین کے لیے شرح نمو 4.8 فیصد ہوگی جو پہلے 5 فیصد بتائی گئی تھی اور یہ معاشی سرگرمیوں میں سست روی اور برآمدات کی طلب میں کمی کی وجہ سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی اے سی خطے کے لیے نظر ثانی کی گئی پیش گوئی کورونا وائرس کے اثرات کی وجہ سے سفری پابندیوں اور آئسولیشن اقدامات سمیت حالیہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے کی گئی ہے۔ موڈیز کے نائب صدر کرسچن ڈی گزمان کا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی منظر نامہ 2020ء کے پہلے نصف حصے میں کھپت کی سطح میں کمی اور پیداوار اور فراہمی میں مسلسل رکاوٹوں کو بتاتا ہے اس کے بعد سال کے دوسرے نصف حصے میں بحالی ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن