• news

کرونا: دفترخارجہ میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کیلئے خصوصی کوآرڈینیشن سیل قائم

اسلام آباد(آن لائن)دفتر خارجہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر ایک خصوصی کوآرڈنیشن سیل قائم کردیا اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کا بھی اعلان کیا۔ رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ نے کہا کہ نو تشکیل شدہ سیل خصوصی سیکریٹری (ایڈمن) معظم احمد خان کی سربراہی میں کام کرے گا اور یہ سیل پاکستان میں موجود سفارت خانوں اور بیرون ملک قائم پاکستانی مشنز کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔سماجی فاصلے کے جو اقدامات دفتر خارجہ نے متعارف کروائے ان میں قونصلر سروسز کی جزوی معطلی بھی شامل ہے اور ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی۔دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر وزارت خارجہ نے مختلف دستاویزات کی تصدیق کے لیے عوام کے قونصلر سروس آنے کا عمل روک دیا ہے، تاہم صرف پاورآف اٹارنی (مختار نامہ) کی تصدیق کروانے والے افراد کو بدستور رسائی کی اجازت حاصل رہے گی‘۔دفتر خارجہ کے مطابق قونصلر سروسز پر یہ پابندی 18 مارچ سے 3 اپریل 2020 تک برقرار رہے گی جس کے بعد صورتحال کا پھر جائزہ لے کر مستقبل کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اسلام آباد میں قونصلر سروسز دفترخارجہ کے ہیڈ کوارٹر اور صوبائی دارالحکومتوں کے کیمپ آفسز میں فراہم کی جاتی ہیں اور مختلف دستاویزات کے قانونی عمل کے لیے سیکڑوں افراد روزانہ قونصلر سروس جاتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن