• news

نندی پور ریفرنس: پرویزاشرف، دیگر کی بریت کیلئے درخواستیں مسترد

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ/ وقائع نگار خصوصی) احتساب عدالت نے نندی پور ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر شریک ملزموں کی بریت کی درخواستیں مسترد کردیں، عدالت نے قرار دیا کہ ملزم نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریلیف کے مستحق نہیں۔ جج اعظم خان نے نندی پور ریفرنس کے ملزمان راجا پرویز اشرف، شمائلہ محمود، ریاض کیانی اور مسعود چشتی کی نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم سمیت دیگر ملزمان کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نندی پور ریفرنس کا ٹرائل جاری رکھنے کا فیصلہ دیا۔ نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت راجہ پرویز اشرف نے نندی پور ریفرنس سے بری کرنے کی استدعا کی تھی۔ نیب نے ملزمان کو نیب ترمیمی آرڈی نینس کے تحت بری کرنے کی مخالفت کی تھی۔ سابق وفاقی وزیر بابر اعوان کی درخواست بریت ترمیمی آرڈی نینس سے قبل منظور کی جاچکی ہے، نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف کو جعلی بھرتیوں کے کیس میں بری کر دیا تھا، نیب نے گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے کرپشن ریفرنس میں راجہ پرویزاشرف سمیت 8 ملزموں کو نامزد کر رکھا تھا۔ نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے پر راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان کیخلاف نیب نے ریفرنس دائر کیا تھا۔ بدھ کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے نندی پورریفرنس کے ملزمان سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، شمائلہ محمود، ریاض کیانی اور مسعود چشتی کی نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت دائر بریت کی درخواستوں پر محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔

ای پیپر-دی نیشن