• news

خیبر پی کے: کرونا سے 2 جاںبحق، پنجاب: دکانیں ریسٹورنٹ رات 10 بجے بند

لاہور ‘ اسلام آباد ‘ کراچی‘ پشاور (نیوز رپورٹر‘ سپیشل رپورٹ‘ خصوصی نمائندہ‘ خبر نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے میں کرونا کے دو مریض ایک ہی روز انتقال کر گئے۔ ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد304ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے میں دکانیں اور ریسٹورنٹ رات 10بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری دفاتر میں حاضری محدود کر دی جائے گی۔ مری سمیت سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے داخلے پر پابندی ہو گی۔ مردان میں 50سالہ شخص کرونا وائرس سے جاں بحق ہو گیا۔ ڈی جی صحت خیبرپی کے طاہر ندیم اور مردان میڈیکل کمپلیکس کے ایم ایس ڈاکٹر جاوید اقبال نے کرونا وائرس سے متاثرہ شخص سعادت علی کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مریض کا تعلق مانگاہ سے تھا جس کی عمر 50 سال ہے اور وہ ایک ہفتہ قبل سعودی عرب سے مردان آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مریض کے ٹیسٹ کے لیے نمونے دو روز قبل لیے گئے تھے جبکہ نتیجہ آج موصول ہوا۔ اسے مردان میڈیکل کمپلیکس میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ وزیر صحت خیبر پی کے تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ مریض سعادت علی8مارچ کو سعودی عرب سے آیا تھا۔ معاون خصوصی ظفر مرزا نے کہا کرونا سعادت علی کی کرونا سے ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ پشاور میں بھی کرونا سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ تیمور جھگڑانے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے دوسری ہلاکت ہے، چھتیس سالہ مریض لیڈی ولیڈنگ ہسپتال میں داخل تھا اس کا تعلق منگورے سے تھا۔ پاکستان میں گزشتہ روز کرونا وائرس کے مزید 67کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 304ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز سندھ میں 36‘ گلگت بلتستان میں 10‘ پنجاب اور بلوچستان میں 7‘ 7جبکہ اسلام آباد اور خیبر پی کے میں 3,3اور آزاد کشمیر میں ایک کرونا وائرس کے کیس کی تصدیق ہوئی۔ دوسری طرف انہوں نے کہا کہ سینیٹر گلزار احمد کی بیٹی نازیہ گلزار بھی شامل ہیں وہ چند روز قبل انگلینڈ سے آئی تھیں اور حال ہی میں خواتین کو پارٹی دی تھی۔ گلگت بلتستان کی حکومت نے اپنے بیان سے پیچھے ہٹتے ہوئے کہا ہے کہ دیامر سے تعلق رکھنے والے 90سالہ شموراتی قباتی کی موت کرونا وائرس کی وجہ سے نہیں ہوئی۔ یاد رہے کہ سیکرٹری صحت گلگت بلتستان راشد احمد نے وزیراعلیٰ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ کرونا وائرس سے دیامر سے تعلق رکھنے والا 58سالہ شخص جاں بحق ہو ا۔ تا ہم ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ فوت ہونے والے مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تاہم وہ نمونیا کا بھی مریض تھا‘ اس لئے اس کی موت کی وجہ معلوم نہیں۔ بعد ازاں ایک اور بیان میں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف پیتھالوجی (اے ایف آئی پی) کی رپورٹ سے واضح ہوتا ہے کہ مریض کا کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا ہے اور اس کی موت نمونیا سے ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 189مشتبہ کیسز ہیں اور پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے بروقت اقدامات کئے - پنجاب حکومت نے 3جنوری کو سب سے پہلے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کا آغاز کیا ہے- محکمہ صحت میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے- فوری طورپر کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی ،قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر صوبہ پنجاب میں فوری طورپر عملدرآمد کیا گیا ہے- وہ ملتان میں لیبر کمپلیکس میں قائم کئے گئے قرنطینہ مرکز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں- مری سمیت سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے -سیکرٹریٹ اور سرکاری دفاتر میں لوگوں کی آمد ورفت کو محدود کردیا گیا ہے جبکہ دفاتر میں انتہائی ضروری سٹاف ہی حاضر ہوگا جبکہ دیگر عملہ سکائپ پر سرکاری امور سرانجام دے گا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس رات 10بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے- میڈیکل سٹور اور جنرل سٹورز کھلے رہیں گے- دیگر دکانیں رات 10بجے بند کر دی جائیں گی۔ فیکٹریاں اور منڈیا ں بھی کھلی رہیں گی- انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قرنطینہ کی سہولت کو بہتر بنایا جائے گا- پنجاب حکومت دیگر صوبوں خصوصاً بلوچستان کی قرنطینہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے معاونت کرے گی اور بلوچستان کی حکومت کو تفتان میں قرنطینہ سنٹر کے قیام کے حوالے سے مدد دیں گے- انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے تفتان میں قرنطینہ مرکز قائم کرنے کا جائزہ لے رہی ہے- محکمہ صحت کو تقریباً 24کروڑ روپے جاری کئے جاچکے ہیں- محکمہ صحت کے لئے ایک ارب روپے کے مزید فنڈز بھی مختص کر دئیے ہیں- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے5ارب روپے کے خصوصی فنڈز کے قیام کا اعلان کیا- انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت ضرورت پڑنے پر ایک ہزار بستر وںپر مشتمل فیلڈ ہسپتال بھی بنائے گی- ہسپتالوں میں 41 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس قائم کردئیے گئے ہیں- لاہور ،راولپنڈی اور مظفر گڑھ میں 3ہسپتالوں کو کرونا کے مریضوں کے لئے مخصوص کیا گیا ہے- پنجاب میں دفعہ 144عائد کردی گئی ہے اور صوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے- بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لیبرکمپلیکس میں قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ کیا - وزیر اعلی نے قرنطینہ مرکز میں مریضوں کیلئے سہولتوں ، صفائی کے انتظامات اور واش روم کا بھی معائنہ کیا- وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کرونا وائرس کے خلاف ایکشن پلان پر موثر طور پر عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا اور اجلاس کے شرکاء نے کرونا وائرس سے عوام کو بچانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ عسکری قیادت کی جانب سے سول حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور عوام کی زندگیوں کی حفاظت کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ پنجاب کے داخلی راستوں پر نقل و حرکت اور سکریننگ کا نظام مزید موثر بنایا جائے گا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے غیر معمولی اقدامات کرنا ضروری ہوتے ہیں۔ صوبے کے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ کرونا کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ سیاسی اور عسکری قیادت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایک صفحے پر ہے۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ ہم کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کر رہے ہیں۔ یہ ایک نیشنل کاز ہے اور ہم سول حکومت کا پورا ساتھ دیں گے۔ وفاقی حکومت نے کرونا وائرس پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر مختلف وزارتوں، ڈویژنوں میں خصوصی اقدامات اور ہدایات کر دی ہیں۔ جن کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر غیر ضروری سٹاف کی حاضری کو پچاس فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نائب قاصد بھی دو سیکشنز میں روٹیشن پر ذمہ داریاں ادا کریں گے مختلف ونگز میں صرف ضروری سٹاف کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ سکیورٹی، ڈسپیچ رائڈرز آئی ٹی اور سینٹری سٹاف کی ڈیوٹی پر ہوں گے۔ متعلقہ محکموں کے سربراہان ضروری سٹاف سے متعلق امور کے ذمہ دار ہوں گے۔ ایچ آر ایم ایڈمن اور ایس آئی ونگ میں ایک سیکٹریل سٹاف روزانہ کی بنیاد پر ڈیوٹی لگائی جائیگی۔ ہر سیکشن کے سٹاف متعلقہ پلان پر عملدرآمد کے پابند ہوںگے۔ ائرپورٹس پر سخت انتظامات پنجاب کے پانچ ائر پورٹس پر 29 ڈاکٹرز 61 پیرا میڈیکل سٹاف اور 12 نرسنگ سٹاف کی تعیناتی کر دی گئی ہے علامہ اقبال ائر پورٹ پر 27 افراد کو تعینات کیا گیا ہے وائرس سے بچائو کیلئے 23 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں محکمہ صحت پنجاب نے محکمہ خزانہ سے مزید ایک ارب روپے کے فنڈز مانگ لئے ہیں۔\ لاہور میں کرونا کے وار تیز مزید دو افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گی ایک نوجوان کی عمر 26 جبکہ دوسرے کی 30 سال بتائی گئی ہے مریضوں کو میو ہسپتال کی آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ دونوں افراد بیرون ملک سے واپس آئے۔ پنجاب میں کنفرم مریضوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے۔ ائرپورٹس انتظامیہ کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں کے بعد اندرون ملک سفر کرنیو الے مسافروں کی اسکریننگ بھی شروع کر دی گئی ائر پورٹس پر ایک مسافر کے ساتھ وزیٹر کے داخلے کے احکامات پر عملدرآمد کیا جانے لگا مسافروں کی رہنمائی کے لئے لاہور ائر پورٹ کی حدود اور اطراف میں فلیکسز آویزاں کر دیئے گئے ہیں ائر پورٹ انتظامیہ کیخلاف سیکرٹری سول ایوی ایشن کی ہدایت پر انسداد کرونا کلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ائرپورٹ پر کم سے کم رش کیلئے ایک مسافر کے ساتھ ایک ہی وزیٹر کو اندر آنے کی اجازت ہوگی ملک بھر کے ائرپورٹس سے اندرون ملک سفر کرنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی۔ کرونا وائرس معاملہ پر مختلف ملکوں نے سفری پابندیاں سخت کردیں ہیں کینیڈا، اومان، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا نے سیاحتی، وزٹ اور کاروباری ویزے پر سفر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اب 18 مارچ سے تا حکم ثانی کینیڈا میں صرف کینیڈین یا امریکی شہری، مستقل قیام پذیر یا سفارتی عملہ داخل ہوسکے گا۔ پی آئی اے کی 18 مارچ کو ٹورنٹو جانے والی پرواز کسی وزٹ ویزا والے کو نہیں لے کے جائے گی۔ 17 مارچ سے اومان میں تمام شہریت والے مسافر ماسوائے اومانی یا خلیجی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں کاغذی ویزے پر داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی۔ متحدہ عرب امارات میں صرف پاسپورٹ پر ثبت ویزا والے مسافر داخل ہو سکیں گے۔ ملائیشیا جانے والے مسافر بھی صرف اسی صورت میں سفر کر سکیں گے اگر ان کے پاس ملائیشین شہریت ہو یا سفارتی اجازت نامہ ہو۔ پی آئی اے کے پروازیں معمول کے مطابق جاری تاہم پابندی والے مسافر نہیں جا سکیں گے۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ معلومات کیلئے پی آئی اے کال سنٹر سے رابطہ کریں وہ مسافر جو پابندی سے متاثر ہوں سے التماس ہے کہ اپنے ٹکٹ تبدیل کروا لیں۔ مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبے ملکر کرونا وائرس کے خلاف جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں ۔ سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے بعد وبائی امراض ایکٹ کے تحت مزید پابندیاں عائد کر دیں اور کہا گیا ہے کہ حکومتی اقدامات کی خلاف وزری پر فوری سزا ہو گی۔ دنیا بھر میں اب تک کرونا سے 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ 2 لاکھ سے زیادہ مریض سامنے آ چکے ہیں۔ سعودی عرب نے نجی شعبہ کے ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ پندرہ دن کیلئے اپنا کام معطل کریں اور دفتروں اور کمپنیوں میں کام کرنے کی بجائے گھروں میں بیٹھ کر کام کریں۔ اسرائیل میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں چالیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسرائیلی وزارت صحت کے حکام کے مطابق وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 427 ہو گئی ہے۔ وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ہسپتال روزانہ 3000 شہریوں کے کرونا ٹیسٹ کریں۔ بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مزید 7 پاکستانی کرونا وائرس کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔ سات پاکستانی نجی ائیر لائن کی پرواز کے ذریعے جدہ سے اسلام آباد پہنچے ،اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ابتدائی طبی معائنہ کے بعد پمزہسپتال منتقل کردیا گیا۔ چین نے کہا ہے کہ چین میں کرونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال اب بہتر ہو رہی ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تازہ بریفنگ میں بتایا کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق چین میں سولہ مارچ تک کرونا وائرس کے 930 مریض علاج کے بعد صحتیاب ہو گئے ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے حکومت کی جانب سے ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو 5 اپریل تک بند رکھنے اور یکم جون تک تمام امتحانات ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ کرونا وائرس کے پیش نظر یونیورسٹی ہاسٹلز خالی کرنے کا اطلاق غیر ملکی طلباء پر نہیں ہوگا اور طلباء کیلئے بذریعہ ٹی وی لیکچرز کیلئے پی ٹی وی سے بات کی جائے گی، یونیورسٹیوں میں داخلے بھی ایک ماہ تاخیر سے ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان میں کیمبرج سسٹم سمیت تمام بورڈز کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں، حالات بہتر ہونے کی صورت میں بورڈز کے امتحانات یکم جون کے بعد ہوں گے، کورونا وائرس سے متعلق جائزہ لیتے رہیں گے، طلباء کے تحفظ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کو ان تمام فیصلوں اور صورتحال سے آگاہ کیا،27 مارچ کو بین الصوبائی وزرا کانفرنس طلب کی گئی ہے جس میں 5 اپریل کے بعد سکول کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا، فیڈرل بورڈ میںایک مرکز میں پیپر مارکنگ کرنے والوں کی تعداد 40 سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ڈی سی او لاہور دانش افضال نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کا کرونا وائرس کے مریضوں کو 14 روز کے لئے علیحدہ رکھنے کا کام جاری ہے اور اس سے قبل ضلعی انتظامیہ لاہور مانگا منڈی‘ کالا شاہ کاکو اور ہسپتالوں میں بھی کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو 14 روز رکھنے کے لئے انتظامات کر چکی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اﷲ رانجھا نے نشتر پارک کا دورہ کیا۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق کرونا کی علامات والے مریض کی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال آمد عملہ پریشان‘ مریض کو حافظ آباد آئسولیشن سنٹر بھجوا دیا گیا۔ مشکوک مریض پنڈی بھٹیاں کا رہائشی ہے اور تین روز قبل دبئی سے واپس آیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق پچیس سالہ عرفان میں کرونا کی علامات موجود ہیں۔ تفتان بارڈ سے مزید 757 زائرین سکھر قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا۔ زائرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے گنگارام ہسپتال آئیسولیشن رومز، وارڈ اور میڈیکل ایمرجنسی کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ عوام کرونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں اور غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ امریکہ میں اب تک چھ ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ 112 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں سب سے زیادہ نیو یارک کی ریاست متاثر ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے صوبے میں کرفیو لگانے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اشیائے ضروریات کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شادی ہالز پر پابندی کے علاوہ اب ہم نے گھروں اور نجی مقامات پر تقریب پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز سرکاری دفاتر میں بارہ بجے چھٹی ہو گی جبکہ عام دنوں میں معمولی کے اوقات کے اوقات کار صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک کر دیئے گئے ہیں اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ عوام کی سہولت کیلئے اشیائے ضروریات کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی جبکہ مارکیٹیں شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔ راشن اور ادویات کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ باقی تمام دکانیں صبح 10 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی تمام ریسٹورنٹ 5 اپریل تک بند رہیں گے۔ ڈیلوری اور گھر پر لے جانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔ حجام اور بیوٹی پارلرز 15 دن کیلئے بند رہیں گے۔ گھروں اور کمپائونڈز میں ہونے والی تمام نجی تقاریب ممنوع ہوں گی۔ سرکاری دفاتر پیر سے جمعرات صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک کھلیں رہیں گے۔ جمعہ کو یہ دفاتر 12 بجے بند ہوں گے۔ کرونا وائرس کے انگلینڈ میں مزید 676 افراد کی تصدیق ہوئی ہے۔ کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 2626 تک پہنچ گئی۔ متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کر دی۔اہم فٹ بال مقابلوں یورو کپ اور کوپا امریکا کو ایک سال کیلئے موخر کر دیا گیا ہے۔اٹلی اور ایران میں ایک ہی روز میں ریکارڈ ہلاکتیں ہوئیں، اٹلی میں گزشتہ روز 475 ، ایران میں 147 افراد دم توڑ گئے۔

ای پیپر-دی نیشن