شمالی وزیرستان میں جھڑپ، لیفٹیننٹ اور 3 جوان شہید، 7 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد +لاہور ( سٹاف رپورٹر +وقائع نگار خصوصی + خصوصی نامہ نگار) سکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل ماما زیارت میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا تو دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کردی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر سمیت 4 جوان شہید جبکہ 7 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان زخمی بھی ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے یہ آپریشن دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے پر کیا تھا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا تو دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کردی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں لاہور کے رہائشی 26سالہ لیفٹیننٹ آغا مقدس علی خان، حوالدار قمر ندیم، لیہ کے 24سالہ سپاہی محمد قاسم اور نارووال کے 23سالہ سپاہی توصیف شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں، گولہ بارود اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے افسر سمیت 4جوانوں کی بہادری اور جرآت کوخراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مادر وطن کے امن کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پاک دھرتی کے بہادر سپوتوں کو سلام کرتے ہیں۔ اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔وزیراعلیٰ نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے جوان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں افسر اور جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیوں پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ قوم کے سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے دتہ خیل میں دہشت گردوں سے مقابلے میں چار فوجی جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لئے جنت میں اعلیٰ مقام اور متاثرہ خاندانوں کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے پسماندگان کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ہنگو (نوائے وقت رپورٹ) اورکزئی میں پولیس چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس سے 2 اہلکار شہید ہو گئے۔ شہید اہلکاروں میں اختر جانان اور یحییٰ شامل ہیں۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔