• news

نظریہ پاکستان: مجید نظامی کی خدمات نوجوانوں کیلئے رہنمائی کا باہث ہیں: وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد ( نمائندہ خصوصی) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی تجویز پر جناب حمید نظامی نے نوائے وقت کا اجراء کر کے تحریک پاکستان کے مقاصد کو قومی امنگوں کے مطابق اجاگر کرنے کا سلسلہ شروع کیا اور عظیم مقاصد اور قلم کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دی۔ مجید نظامی نے نہ صرف ان کے مشن کو جاری رکھا بلکہ نظریہ پاکستان کے فروغ کیلئے مشینری جذبہ کے تحت جو خدمات سر انجام دیں وہ بالخصوص نوجوان نسل کیلئے ہمیشہ باعث رہنمائی رہیں گے۔ حمید نظامی جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنے کے فلسفہ پر تاحیات کار بند رہے ہیں۔ مرحوم نے آزاد کشمیر میں قدرتی آفات سمیت متاثرین ایل او سی، مہاجرین اور مقامی لوگوں کی امداد و بحالی کیلئے اپنی متاثر کن اور بے مثال خدمات کا جو تسلسل بحال رکھا اس کو حکومت آزاد کشمیر قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وہ بحیثیت وزیر اعظم مہمان خصوصی کی حیثیت سے کئی تقریبات میں شمولیت کر تے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار راجہ فاروق حیدر خان وزیر اعظم آزاد کشمیر نے نوائے وقت اور قرارداد پاکستان کے 80 سال سے شانہ بشانہ کے موضوع پر اظہار خیال کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ نوائے وقت کشمیریوں کا پشتیبان ہے۔ نوائے وقت نے مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے اپنی کمٹمنٹ پر نہ کوئی آنچ آنے دی اور نہ ہی کسی مصلحت کا شکار ہوئے۔ ادارہ کا یہ کردار لائق تحسین ہے۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا۔ کشمیری طویل عرصہ سے جانی و مالی قربانیاں دے کر دنیا کو باور کرا رہے ہیں کہ وہ حق خودارادیت کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گزشتہ آٹھ ماہ سے مسلمانوں کی نسل کشی، ان کے مذہبی و بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے کے اقدامات ہمارے لیے باعث تشویش ہیں۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ آزدا کشمیر کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔ آر پار کے کشمیریوں اور اہل پاکستان کا دل ایک ساتھ دھڑکتا ہے۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ نوائے وقت کی چیف ایڈیٹر محترمہ رمیزہ مجید نظامی، جناب حمید نظامی اور جناب مجید نظامی کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نظریہ پاکستان کا فروغ بھی جاری ہے اور مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے جرات مندانہ کردار و تعاون پر محترمہ رمیزہ مجید نظامی، ادارہ نوائے وقت کا مشکور ہوں اور ان کیلئے نیک اور خصوصی تمنائوں کا اظہار کرتا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن