تنقید کی بجائے کرونا کا ملکر مقابلہ کرنا ہوگا، چین ٹیم بھجوا سکتا ہے: شاہ محمود
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر‘ سپیشل رپورٹ) دورہ چین کے اختتام پر صدر پاکستان، وزیرخارجہ، وزیر منصوبہ بندی اور وفد کے دیگر ارکان کے لیے گئے کرونا ٹیسٹ کے نمونے "کلئیر" قرار دئے گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق چین نے باضابطہ طور پر وزارت خارجہ پاکستان کو مطلع کر دیا۔ واضح رہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور دیگر اراکین وفد نے سولہ اور سترہ مارچ کو چین کا دورہ کیا تھا۔ چین روانگی سے قبل بھی اراکین وفد کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا اور کلیئر آنے پر جہاز میں سوار کیا گیا اور دورہ چین سے واپسی پر دوبارہ خون کے نمونے اور سویب لئے گئے اور آج بعد از ٹیسٹ انہیں کلیئر قرار دیا گیا۔ دریں اثناء واپسی پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین ہمارا آزمایا ہوا دوست ہے۔ کچھ عرصہ قبل وہ کرونا وائرس سے نبرد آزما ہو رہے تھے۔ آج انہوں نے اس وبا پر کافی حد تک غلبہ پا لیا ہے۔ پاکستان میں اس وباء پر قابو پانے کیلئے تنقید کرنے کے بجائے مل کر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے گئے تھے۔ جب کرونا کی وبا چین میں پھوٹی تو بہت سے ممالک نے چین سے انخلا کا راستہ اختیار کیا جبکہ پاکستان نے چین پر اعتماد کرتے ہوئے اپنے طلباء کو نہ نکالنے کا فیصلہ کیا جس کو چینی حکومت نے بہت سراہا۔ کل ہماری ویڈیو کانفرنس کے ذریعے چین میں زیر تعلیم طلباء سے گفتگو ہوئی اور خوشی کی بات یہ ہے کہ سب صحت مند ہیں۔ چار بچیاں جو حاملہ تھیں انہوں نے بچوں کو جنم دیا اور وہ بچے بھی ماشاء اللہ صحت مند ہیں۔ چینی قیادت نے پاکستان کے فیصلے کو سراہا ہمیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ وہان جو وبا سے سب سے زیادہ متاثر تھا اس میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔ چینی صدر، وزیر اعظم اور دیگر قیادت نے شکریہ ادا کیا کہ مشکل وقت میں پاکستان ہمارے ساتھ کھڑا رہا اور اب جب آپ اس صورت حال سے گزر رہے ہیں تو ہم ہر طرح سے پاکستان کو سپورٹ کریں گے۔ آج ہم نے مل کر اس چیلنج کا متفقہ طور پر مقابلہ کرنا ہے سب سے آسان کام تنقید کرنا ہے لیکن اس سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔میری سب سے اپیل ہے کہ ہمیں اس وقت متحد ہونا ہے اگر سندھ اور بلوچستان نے اچھے اقدامات اٹھائے ہیں تو ہمیں سراہنا چاہیے۔ اسی طور خیبر پی کے اور پنجاب کوئی اچھے فیصلے کر رہے ہیں تو ان کی بھی تعریف کرنا ہو گی۔ چین نے بھی ٹارگٹڈ اپروچ کو اپنایا۔ وہ علاقے جو زیادہ متاثر تھے سب نے مل کر ان کی مدد کی۔ احتیاط سنت ہے۔ یہاں سے چین جاتے ہوئے ہمارے سارے وفد نے ٹیسٹ کروائے اور کلیئر ہونے پر جہاز میں سوار ہوئے اور چین میں ملاقاتوں کے بعد واپسی کے وقت پھر ٹیسٹ کروائے اور وہ بھی اللہ کے فضل و کرم سے کلیر آئے ہیں۔ میں بالکل ٹھیک ہوں لیکن میں نے خود پانچ روز کیلئے آئسولیشن اختیار کی ہے تاکہ ہیلتھ پروٹوکول کو فالو کر سکوں۔ انہوں نے کہا چینی ٹیم پاکستان کا دورہ بھی کرے گی۔ شاہ محمود قریشی نے تسلیم کیا ہے کہ تفتان بارڈر پر کرونا وائرس سے بچائو کے انتطامات ناکافی تھے۔ گزشتہ روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔ زائرین کو تو اپنے گھروں کو واپس آنا ہی تھا۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ رضاکرانہ طور پر آئسولیشن میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گھر والے مجھ سے بہت دور ہیں لیکن اس کے باوجود دل نہیں چاہتا کہ بچوں سے ملوں۔ ہم سب کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو کرونا وائرس کے مقابلے میں متحد ہونا چاہیے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں صدر نے کہا کہ جب بھی پاکستانی قوم حالت جنگ میں ہوتی ہے تو وہ ہمیشہ متحد ہو جاتی ہے۔ صدر نے کہا کہ میں چین کے دو روزہ دورے سے واپس آیا ہوں۔ میری چینی صدر ژی جن پنگ، وزیراعظم اور دوسرے چینی لیڈروں سے ملاقات ہوئی۔ مساجد ایسا پلیٹ فارم ہیں جو کرونا پر قابو پانے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اسی طرح میڈیا کو بھی قوم میں حوصلہ پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔