مذہبی جماعتوں کا آج یوم دعا و استغفار منانے کا اعلان
لاہور+اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+وقائع نگار خصوصی) تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ جمعۃ المبارک کی نماز کے لیے گھر میں سنتیں ادا کریں اور مسجد با وضو آئیں۔ خطبات مختصر اور تقاریر کرونا وائرس سے متعلق مختصر ہدایات پر مشتمل ہوں گی۔ مساجد میں آتے ہوئے استغفار، درود شریف اور آیت کریمہ کا ورد کریں۔ جامع مساجد میں اجتماعات ہال کے بجائے صحن میں کیے جائیں۔ پاکستان میں مساجد بند کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ رجوع الی اللہ اور احتیاطی تدابیر سے کرونا وبا سے نجات پائیں گے۔ مساجد بند کرنے کی افواہیں پھیلانے والے انتشار چاہتے ہیں۔ ملک میں تمام مدارس بند ہیں اور دوبارہ تعلیمی سلسلہ رمضان المبارک کے بعد شروع ہوگا۔ مخیر حضرت عوام الناس کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف حکومت سخت اقدامات کرے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، پیر اسد اللہ فاروق، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا محمد خان لغاری، پیر محفوظ مشہدی، مولانا زبیر عابد، علامہ یونس حسن، مولانا محمد شفیع قاسمی، قاضی مطیع اللہ سعیدی، علامہ طاہر الحسن، علامہ غلام اکبر ساقی، قاری جاوید اختر قادری، مولانا محمد حنیف بھٹی، مفتی محمد عمر فاروق، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا زاہد کاظمی، مولانا اسیدالرحمان سعید، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا عبدالقیوم فاروقی، مولانا عبدالحکیم اطہر، مولانا محمد اسلم قادری، قاری مبشر رحیمی و دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سجادہ نشین و جانشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا ہے کہ مسلمان آج نماز جمعہ میں بھر پور انداز میں شرکت کریں اور علماء کرام توبہ و استغفار کا اہتمام کرائیں‘ کرونا وائرس سمیت ہر مرض قابل علاج ہے‘ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا سنت نبوی ہے۔ مسلمان افواہوں پر کان نہ دھریں، قرآنی اعمال اور انبیاء کرام کی تعلیمات کی اتباع کریں۔ آیت کریمہ، آیت الکرسی کا ورد کثرت سے کیا جائے‘ صدقہ و خیرات کا اہتمام کیا جائے۔ اسلامی جمہوری اتحاد کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے علماء اور خطباء سے اپیل کی ہے کہ آج ملک بھر میں یوم دعا منایا جائے اور کرونا جیسی آفت سے نجام کیلئے خصوصی طور پر دعائیں مانگی جائیں۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک و سلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام کل منعقد ہونے والی آل پاکستان سنی کانفرنس کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے۔ اب یہ کانفرنس 12اپریل کو منعقد ہوگی۔ ملک بھر میں جمعۃ المبارک کو ’’یوم دعا و شفا‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔ جمعہ کے خطبات میں خطبائ، ’’وباء سے بچاؤ اور شفاء کے حصول کے شرعی اصول‘‘ بیان کریںگے۔ تحریک صراط مستقیم کے زیر انتظام چلنے والے دینی مدارس میں تعلیمی سال کے اختتام کا اعلان کر دیا گیا۔ مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور، مرکز صراط مستقیم بیدیاں روڈ، جامعہ جلالیہ رضویہ مظہر الاسلام داروغہ والا سمیت لاہور اور دیگر شہروں کی برانچز میں باقاعدہ تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ کرونا وائرس کے مسئلہ پر اعتقاد اور احتیاط کی علیحدہ علیحدہ حیثیتوںکو پیش نظر نہیں رکھا جارہا۔ بعض عرب یا پڑوسی ممالک کی پالیسیوں کو اندھا دھند تقلید میں اسلامی تعلیمات کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ الوداعی اجتماع میں علامہ فرمان علی حیدری، صاحبزادہ مرتضیٰ علی ہاشمی، قاری محمد صفدر جلالی، علامہ خادم حسین رضوی جلالی، قاری اصغر علی ترابی، قاری عمر فاروق چشتی، مولانا محمد اظہر اللہ جلالی، مولانا محمد عادل جلالی، مولانا محمد مبشر رسول صدیقی، مولانا محمد عبد الغفور چشتی، علامہ محمد ذوالفقار علی جلالی، میاں محمد سجاد چشتی، قاری محمد حنیف و دیگر نے شرکت کی۔ دوسری جانب جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی کی اپیل پر ملک بھر میں آج کورونا وائرس سے نجات کے لئے یوم ’’استغفار‘‘ منایا جائے گا۔ جمعہ کے اجتماعات اور دعائیہ تقریبات میں اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگی جائے گی۔