• news

خواجہ برادران رہا‘ کارکنوں کا استقبال‘ نیب اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے: سعد رفیق

لاہور (سٹاف رپورٹر ‘نوائے وقت رپورٹ) پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ برادران کو گزشتہ روز کیمپ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ ملزمان کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کے احکامات دئیے تھے۔ جس پر گزشتہ روز روبکار عدالت پہنچی اور جیل حکام کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو رہا کر دیا گیا۔ گزشتہ روز خواجہ برادران کی رہائی کی موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بری تعداد جیل کے باہر اپنے قائدین کے استقبال کے لیے جمع ہو گئی۔ خواجہ برادران، نوا شریف اور شہباز شریف کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ کارکن اپنے قائدین کی رہائی پر انتہائی خوش تھے۔ خواجہ برادران نے رہائی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کو ختم ہونا چاہئے۔ نیب اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے۔ آمر مطلق کا بنایا ہوا قانون بدنیتی کی بنیاد پر بنایا گیا۔ عمران صاحب اپنے مخالفوں کو برداشت کرنا سیکھیں۔ اس رویے سے ملک نہیں چل سکتا۔ بہت سے سرکاری افسران اس لئے جیل میں ہیں کہ وہ وعدہ معاف گواہ نہیں بنے۔ مسلم لیگ (ن) ایک اعتدال پسند جماعت ہے۔ ہم نے ثبوت بھی دیا۔ کوئی سیاسی قیدی ہمارے اور پیپلز پارٹی کے دور میں نہیں تھا۔

ای پیپر-دی نیشن