• news

یہ وقت وزیراعظم پر تنقید کا نہیں، کرونا کیخلاف مشترکہ حکمت عملی بنانا ہوگی: بلاول

کراچی +اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ وقت وزیراعظم پر تنقید کرنے کا نہیں ہے،کرونا سے لڑنے کے لیے سب کو مل کر مشترکہ حکمت عملی طے کرنا ہوگی۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت تنقید، الزامات اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی ضرورت نہیں، ضرورت ہے کہ ملک بھر میں مل کر اقدامات کیے جائیں۔ ہر پاکستانی کو کرونا وائرس کوسنجیدگی سے لینا چاہیے۔ اس سے جان کو خطرات فلو سے کہیں زیادہ ہیں۔ کرونا صرف بزرگوں اور بیمار لوگوں کو متاثر نہیں کرتا۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ تفتان سے 302 افراد سندھ آئے جن میں سے 151 میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ آج بھی وفاقی حکومت کو کہتے ہیں ہمیں ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس وقت ملک میں کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت اپنی بھرپور صلاحیتیں استعمال کرے۔ انہوں نے سندھ حکومت کو ہدایت کی سندھ حکومت یقینی بنائے کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو نہ نکالاجائے، تمام نجی اداروں کو بھی پابند کیا جائے کہ کسی کی تنخواہ نہ روکی جائے۔ ملازمین اگر نہیں بھی آرہے تو ان کو بھی پوری تنخواہ دی جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے وفاق کی مدد طلب کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بڑھانا ہے، وفاقی حکومت سے کہیں گے کہ ہماری مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون بہت زیادہ ضروری ہے، ہم سیاست بعد میں کرلیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانا ہو گی، ہم بحیثیت قوم اس مشکل وقت سے نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے کراچی سمیت پورے ملک کولاک ڈاؤن کرنے کی بھی تجویز دی اور کہا کہ عوام خود کو 15 روز کے لیے گھروں میں محدود رکھیں، ہمیں اپنے آپ کو لاک ڈاؤن کرنا ہوگا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے لاک ڈائون کے دوران یومیہ اجرت کمانے والوں کو راشن فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر 15 دن تک ہمیں گھروں میں رہنا ہے تو یومیہ اجرت کمانے والوں کو سنبھالنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے اور ان تک راشن پہنچائیں گے تاکہ کسی کو راشن کے حصول کے لیے گھر سے باہر نہ نکلنا پڑے، ملازمین اگر دفتر نہ آئیں تو انہیں پوری تنخواہ ادا کی جائے۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ اس صورتحال نے معیشت کا وہ حال کرنا ہے کہ اندازہ نہیں لگا سکتے، حالیہ دنوں میں پاکستان میں شرح سود میں جو کمی کی گئی ہے وہ ناکافی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں جانے اور کرونا وائرس سے متعلق لوگوں میں آگہی پھیلانے کی ہدایت بھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن