عوام کو عدلیہ پر بھرپور اعتماد، عدالتی نظام فعال رکھنے پر سمجھوتہ نہیں کرینگے: چیف جسٹس
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس گلزار احمد کی زیر صدارت قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے حالات خصوصی توجہ چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے کرونا وائرس سے بچائو کیلئے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ عدالتی نظام فعال رکھنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ عوام کو عدلیہ پر بھر پور اعتماد ہے۔ جلد بازی اور گھبراہٹ میں عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔عدالتوں کو مکمل طور پر بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عدالتوںمیں اہم نوعیت کے کیسز کو سنا جائے گا، تمام ہائیکورٹس چیف جسٹس صاحبان کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار دیدیا گیا جبکہ جسٹس اعجاز احمد حسن کو سپریم کورٹ کا فوکل پرسن مقررکیا گیا۔