• news

کرونا کو متحد ہو کر شکست دیں گے، عمران: حکومت اپوزیشن پارلیمانی کمیٹی بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرونا سے خوف کی نہیں صرف احتیاط کی ضرورت ہے، ان شاء اللہ پاکستان کرونا وائرس کے خلاف جنگ جیتے گا، چین کی کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے معاونت کو فراموش نہیں کر سکتے، پاکستانی بطور قوم متحد ہو کر وائرس کو شکست دیں گے۔ وزیراعظم سے سابق وزیر قانون بابراعوان نے ملاقات کی ہے جس میں کرونا وائرس اور اس پر قابو پانے کے حوالے سے اقدامات اور آئینی و قانونی امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ وائرس کے اثرات کے تناظر میں عالمی اداروں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے، کرونا کے حوالے سے تمام اقدامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں، عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ بابر اعوان نے کہا کہ کرونا کے حوالے سے وزیراعظم کا قائدانہ کردار قابل تعریف ہے، وزیراعظم ہر مشکل وقت میں قوم کی توقعات پر پورا اترے، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بابر اعوان کی والدہ کی وفات پر دعائے مغفرت کی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی جمعرات کو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عوامی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیرِ اعظم عمران خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں کرونا وائرس کی صورتحال اور کنٹرول کے حوالے سے حکومتی سطح پر کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے تمام وسائل کو برؤے کار لایا جائے گا۔ ملاقات میں کرونا وائرس کنٹرول کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیئرمین سی ڈی اے بھی موجود تھے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کرونا کے خلاف حفاظتی اقدامات کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا۔ وفاقی وزرائ، معاونین، چاروں صوبوں کے نمائندگان شریک ہوں گے۔ اجلاس میں کرونا کی موجودہ صورتحال پر ظفر مرزا بریفنگ دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن