• news

صدر علوی کا علامہ قاضی نیاز حسین اور مولاناحنیف جالندھری کو فون، کرونا کیخلاف تعاون کی اپیل

لاہور،ملتان (خصوصی نامہ نگار+ نیوزرپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ قاضی نیاز حسین نقوی، مولانا محمدحنیف جالندھری اور دعوت اسلامی کے مولاناعبدالحبیب عطاری کو ٹیلی فون کیا اور ان سے اپیل کی کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں علما ء کرام حکومت کا ساتھ دیں۔ ملک کے تمام طبقات سیاسی مذہبی اور مسلکی اختلافات بھول کر ایک آواز ہو جائیںاور قومی جذبے کے ساتھ موذی وباء کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کرونا وائرس کے متاثرین کی دیکھ بھال کے لئے نوجوان رضاکاروں کو متحرک کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ علامہ نیاز نقوی نے یقین دہانی کروائی کہ مشکل کی اس گھڑی میں علماء حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کر رہے ہیں اور مزید بھی کریں گے۔ انہوں نے زوردیا کہ اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت فوری ا ور مؤثر اقدامات کرے۔ وفاق المدارس الشیعہ کے نائب صدر نے مطالبہ کیا کہ کیمپوں میں صفائی، غذا اور علاج کی فراہمی اور معیار کو یقینی بناتے ہوئے حکومتی اہلکاروں کے ساتھ شیعہ علماء و تنظیموں کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن