انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی ٹوکیو گیمز شیڈول پر کرانے کیلئے پر عزم
لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ایک بار پھر اولمپک گیمز شیڈول کے مطابق کرانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اس حوالے سے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی، ایشین اولمپک کونسل، جاپان اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے ساتھ مل کر صورت حال کا جائزہ لیتی رہے گی، اولمپک گیمز کے مستقبل کے حوالے سے گذشتہ روز ٹیلی کانفرنس ہوئی۔ جس میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے حکام نے کرونا وائرس کی اب تک کی صورت حال اور گیمز کو یقینی بنانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر ایشیائی ممالک کی تمام نیشنل فیڈریشنز سے مشاورت کی گئی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن جوکہ ایشین اولمپک کونسل کے بھی نائب صدر ہیں نے بتایا کہ کرونا وائرس کی وبا سے تمام ممالک پریشان اور احتیاطی تدابیر اختیار کررہے ہیں، امید کی جاسکتی ہے کہ آنے والے دنوں میں حالات بہتر ہوجائیں گے اس لیے جاپان میں ہونیوالے کھیلوں کے اس عالمی میلے کو ملتوی نہیں کیا جارہا، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور ایشین اولمپک کونسل اس معاملے پر پوری طرح نظر رکھے ہوے ہے۔ آئی او سی نے ایشیائی ممالک کو کھلاڑیوں کی صحت کی حفاظت کی یقین دہانی کا اعادہ کیا ہے۔ آئی او سی کی ہدایاات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔