ایل او سی: مشکوک بھارتی فضائی نقل ہ حرکت، شدید گولہ باری کا تبادلہ، ایک رخمی
جموں‘ تتہ پانی (نامہ نگار‘کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں کنٹرول لائن پر پونچھ سیکٹر میں مشکوک فضائی نقل و حرکت کے دو گھنٹوں بعد ہی دیگوار علاقہ میں پاکستان بھارت افوا ج میں شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ لوگوں نے اپنے آپ کو گھروں میں ہی محصور کر لیا۔ جبکہ اس دوران 2گولے پونچھ قصبہ کے قریب آکر گرے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز صبح 6:53 بجے پونچھ کے دیگوار علاقہ میں حد متارکہ کے قریب فضا میں کچھ مشکوک نقل و حرکت نوٹ کی گئی جبکہ اس نقل و حرکت کے دوران دھواں بھی دیکھا گیا۔ اس کے دو گھنٹوں کے اندر ہی شدید گولہ باری شروع ہوئی، جس میں ایم ایم جی اور ایل ایم جی 82ایم ایم ماٹر کو استعمال کیا گیا جس کے بعد 120ایم ایم مارٹر و ایس ایم جی کو استعمال کیا گیا۔ فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا جبکہ 2گولے پونچھ قصبہ سے آدھا کلو میٹر کی دوری پڑے تاہم ان سے کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ پچھلے آٹھ روز سے حدِ متارکہ پر وقفہ وقفہ سے گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تتہ پانی گوئی سیکٹر میں گولہ باری سے ایک شخص زخمی ہوا جسے فوری ہسپتال پہنچایا گیا‘ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی‘ جمعرات کے روز شام سے رات تک وقفے وقفے سے بھارتی افواج نے تتہ پانی گوئی سیکٹر پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا اور سویلین آبادی کے علاقوں رڈ کٹھار‘ بٹالی‘ سہنی‘ ندھیری‘ کنیٹ کو نشانہ بنایا جسکے نتیجہ میں رڈکٹھار گوئی کا رہائشی 48 سالہ شخص محمد فرذوق ولد اﷲ دتہ زخمی ہوگیا۔ جسے فوری ہسپتال پہنچایا گیا۔ بھارتی افواج کی وقفے وقفے سے فائرنگ و گولہ باری کے سلسلہ نے مکینوں کی زندگیوں کو اجیران بنا دیا ہے اور ان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔