کابل: طالبان کے حامی پولیس اہلکاروں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 25 افغان فوجی ہلاک
کابل (نوائے وقت نیوز + آن لائن) افغان صوبے زابل میں داخلی خطے میں افغان سکیورٹی فورسز کے 25 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ زابل صوبائی کونسل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ افغان فوج اور پولیس کے زیرانتظام چیک پوائنٹ پر صبح کے وقت حملہ کیاگیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ کرنے والوں میں طالبان کے 8 حامی پولیس اہلکار شامل تھے۔ حملہ آور جاتے ہوئے چیک پوائنٹ سے اسلحہ بھی لے گئے۔ ذرائع کے مطابق افغان فوجیوں کی بڑی تعداد نے جائے واردات پر پہنچ کر علاقہ گھیرے میں لیکر ثبوت اکٹھے کئے۔ زخمی اہلکاروںکو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب بم دھماکہ کے نتیجے میں دو عام شہری اور چھ طالبان ہلاک جبکہ بائیس افراد زخمی ہو گئے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبہ تخار کے علاقہ چینزائد میں طالبان کا ایک گروپ دھماکہ خیز مواد نصب کر رہا تھا جو کہ قبل از وقت پھٹ گیا ۔ دھماکے کے نتیجے میں دو عام شہری اور چھ طالبان ہلاک جبکہ بائیس افراد زخمی ہو گئے ۔ زخمی ہونے والوں مین دو راہگیر بھی شامل ہیں جنہیں ہسپتال داخل کر دیا گیا ۔