عمران کا کرونا پر اپوزیشن سے رابطوں کا ٹاسک: سپیکر کے بلاول، خواجہ آصف، رانا تنویر، مولانا اسعد کو فون، پارلیمانی کمیٹی کیلئے نام طلب
اسلام آباد ( محمد نواز رضا ، وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے کرونا وائرس کے معاملے پر سیاسی قیادت کو متحد کرنے کے لئے پارلیمانی جماعتوں کے قائدین سے رابطے شروع کر دئیے ہیں ۔ گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم عمران خان نے کرونا پر سپیکر کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دیا۔ دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اس سلسلے میں جمعہ کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ، قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف ، چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی رانا تنویر حسین ، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، قومی اسمبلی میں جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر اسعد محمود گیلانی اور دیگر رہنمائوں سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے سپیکر نے اپوزیشن سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن واپس بلانے پر تبادلہ خیال کیا۔ معلوم ہوا ہے پاکستان پیپلز پارٹی نے سپیکر قومی اسمبلی کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کچھ رہنمائوں نے بھی اس تجویز سے اتفاق رائے کیا ہے تاہم کچھ رہنما قومی اسمبلی کا اجلاس ریکوزیشن پر بلانے پر اصرار کر رہے ہیں ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پیر یا منگل تک کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی قائم کر دیں گے اس سلسلے میں انہوں نے پارلیمانی لیڈروں سے نام طلب کر لئے ہیں ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین پیپلز پارٹی سے رابطہ کرکے کرونا وائرس کیخلاف حکومت کی ساتھ مل کر کام کرنے اور سیاست نہ کرنے کے پیغام کو حوصلہ افزا قرار دیا۔ ٹیلی فونک گفتگو میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے معاملے پر چئیرمین پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا قومی معاملات پر متحد ہونا ضروری ہے۔ سپیکر کے مطالبے پر بلاول بھٹو زرداری نے کمیٹی کے نام بھجوانے کی یقین دہانی کرائی۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کرکے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر مشاورت کی جائے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کرونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا تنویر حسین اور خواجہ آصف کو بھی ٹیلیفون کیا ہے۔ سپیکر نے کرونا صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے لیے نام طلب کیے ہیں،سپیکر قومی اسمبلی نے جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی مولانا اسعد محمود کو بھی ٹیلی فون کیا ہے۔ سپیکر نے مجوزہ کمیٹی کے لیے جے یو آئی کی جانب سے نام طلب کئے۔