غیرملکی سرمایہ کاروں نے مالیاتی مارکیٹ سے ایک ارب 38 کروڑ ڈالر سے زائد رقم نکال لی
کراچی(آن لائن)غیر ملکی سرمایہ کاروں نے رواں ماہ کے دوران ملک کی مالیاتی مارکیٹ سے ایک ارب 38 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے زائد رقم نکال لی جس میں ایک ارب 28 کروڑ ڈالر کی 'ہاٹ منی' یا عارضی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔اسٹیٹ بینک پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث ابھرتی ہوئی مارکیٹس سے بڑے پیمانے پر فروخت ہوئیں اور گزشتہ 45 دنوں میں سرمایہ کاروں نے 30 ارب ڈالر کی رقم محفوظ جگہوں خصوصاً کرنسیز میں لگادی۔ رپورٹ کے مطابق ڈالر کے علاوہ تقریباً ہر دوسری چیز پریشان کن فروخت کی وجہ سے تہہ و بالا ہوچکی ہے باوجود اس کے کہ اسٹیٹ بینک پاکستان سمیت دنیا بھر کے مرکزی بینکس ہنگامی اقدامات کا اعلان کرچکے ہیں جس کے تحت پاکستان میں شرح سود 75 بیسز پوائنٹس کم کردی گئیں۔ملک میں غیر ملکی سرمایہ کار یکم مارچ سے اب تک 7 کروڑ 56 لاکھ 45 ہزار ڈالر مالیاتی مارکیٹس سے نکال چکے ہیں۔اس میں ایک ارب 28 کروڑ ڈالر ٹریڑری بلز(ٹی-بلز) اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز سے نکالنے گئے 3 کروڑ 32 لاکھ 82 ہزار ڈالر شامل ہیں جس سے ابتدائی 20 دنوں کے درمیان نکلنے والی خالص رقم منفی ایک ارب 35 کروڑ ڈالر ہوگئی۔دوسری جانب رواں مالی سال کے دوران ٹریڑری بلز سے نکلنے والی مجموعی 'ہاٹ منی' یا عارضی سرمایہ کاری 3 ارب 43 کروڑ ڈالر تک جا پہنچی ہے۔ذرائع نے ان آؤٹ فلوز یعنی سرمایہ کاری نکالے جانے کا ذمہ دار کرنسی مارکیٹ میں بڑے پیمانے پرہونے والے اتار چڑھاؤ کو ٹھہرایا جیسا کہ 9 مارچ کو برطانوی پاؤنڈ 206 روپے 34 پیسے میں دستیاب تھا جبکہ یکم مارچ کو اس کی قیمت 197 روپے 90 پیسے تھی۔