پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں 40 آئسولیشن وارڈ قائم کردیئے: فیاض چوہان
لاہور (نیوز رپورٹر)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا سے بچنے کیلئے ہمیں بطور قوم متحد ہو کر چلنا ہے۔ کرونا وائرس کے مسئلے پر ہر طبقہ فکر بالخصوص سیاست اور صحافت سے تعلق رکھنے والوں کے احساس ذمہ داری کا امتحان ہے لہٰذا مقتدر حلقوں کو سمجھداری اور انسانیت دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو آگاہی دینی ہو گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ساری صورتحال کا ہمہ وقت جائزہ لے رہے ہیں۔ اس وقت پنجاب کے مختلف شہروں کے بڑے ہسپتالوں میں 40 آئسولیشن وارڈز قائم کیے جا چکے ہیں۔ یورالوجی ہسپتال راولپنڈی، پنجاب کڈنی لیور انسٹیٹیوٹ لاہور اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ میں 800 سے زائد بیڈز پر مشتمل تین قرنطینہ ہسپتال قائم کر دیئے ہیں۔ آئسولیشن وارڈز میں کام کرنے والے تمام ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر پیرامیڈیکل سٹاف کو حفاظتی سوٹ اور کٹس مہیا کر دی گئی ہیں تا کہ وہ بہتر انداذ میں اپنے فرائض سر انجام دے سکیں۔