مقبوضہ کشمیر: تین نوجوانوں پر نافذ کالا قونون کالعدم، رہائی کا حکم، بھارتی فوجی کی خودکشی
سرینگر (اے پی پی+ کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں ہائیکورٹ نے تین کشمیری نوجوانوں پر لاگو کالا قانون’’ پبلک سیفٹی ایکٹ‘‘ کالعدم قرار دیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جسٹس علی محمد ماگرے پر مشتمل ہائیکورٹ کے یک رکنی بنچ نے شمیم احمد گنائی، طفیل احمد اور فردوس احمد وانی پر لاگو کالا قانون’’پی ایس اے ‘‘کالعدم قرار دیدیا۔سرینگر میں بھارتی سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اہلکار نے خودکشی کر لی۔ سول سیکرٹریٹ میں تعینات سی آر پی ایف اہلکار دلباغ سنگھ نے دوران ڈیوٹی اپنی سروس رائفل سے خودکشی کی۔ بھارت کی بدنام زمانہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے کشتواڑ میں آر ایس ایس لیڈر چنرکانت شرما اور اس کے پی ایس او کی ہلاکت میں مبینہ طورپر ملوث حزب کے آٹھ عسکریت پسندوں کے خلاف خصوصی عدالت میں چالان پیش کیا۔عالمی وبا کورونا وائرس کی مقبوضہ وادی میں دستک نے یہاں شعبہ سیاحت، جو گزشتہ قریب آٹھ ماہ سے وینٹی لیٹر پر تھا، کو صفر پر پہنچا دیا ہے جس کے باعث اس شعبہ سے وابستہ ہزاروں افراد کے روزگار کی سبیل دوبارہ زندہ ہونے کی امیدوں پر پانی پھیر گیا ہے۔ کورنا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی خاطر شہر سرینگر میں سخت ترین بندشیں عائد رہیں جس دوران شہر میں جابجا سڑکوں کو سیل کردیا گیا تھا اور پولیس اور سی آر پی ایف کے اضافی دستوں کو تعینات کیا گیا تھا جس دوران پبلک ٹرانسپورٹ کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔شہر میں داخل ہونے والے راستوں کو صبح سے ہی سیل کردیا گیا تھا اور شہر کی طرف آنے والی گاڑیوں کو روک دیا گیا۔شہر میںلوگوں کے چلنے پھرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں تھی ۔کئی علاقوں میںصبح سے ہی پولیس گاڑیوں کے ذریعے اعلانات کئے گئے کہ لو گ گھروں میں رہیں۔شہر کے سول لائنز ،پائین شہر اور دیگر علاقوں میں پولیس اور فورسز نے سڑکوں اور چوراہوں پر خار دار تار نصب کی تھی اور گاڑیوں کو روکا جارہا تھا ۔شہر میں دن بھر بازار بندرہے اور سڑکیں بھی سنسان نظر آرہی تھیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کوروناوائرس کے تناظرمیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں انٹرنیٹ سروس کی مکمل بحالی پرزوردیاہے۔برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کے گروپ کے ٹوئیٹ پیغام میں کہاگیا کہ مقبوضہ علاقے کے عوام کے لئے صحت اوراس کے تحفظ سے متعلق معلومات تک مکمل رسائی کو یقینی بنایاجاناچاہیے۔تنظیم نے کہاکہ کوروناکی وبا کے حوالے سے پریشانی مسلسل بڑھ رہی ہے اورحفاظتی تدابیر اور معلومات تک رسائی کی راہ میں بلاجوازرکاوٹوں اورپابندیوں سے لوگوں کی تشویش میں اضافہ ہورہاہے۔بیان میں کہاگیاکہ مقبوضہ کشمیرکے لوگوں کوصحت کودرپیش خطرات سے متعلق باخبررہنے کامکمل حق حاصل ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کی صدارت میں منعقدہ انتظامی کونسل کی ایک میٹنگ میں جموںوکشمیر آئی ٹی / آئی ٹی ای ایس پالیسی 2020 کو منظور ی دی تاکہ جموں وکشمیر میں اِنفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کو جدید اور مزید متحرک بنایا جاسکے۔پالیسی کے تحت جموںوکشمیر میں ای ۔ گورننس کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈھانچے کو مزید فروغ دیا جائے گا جبکہ نوجوانوں میں ڈیجیٹل جانکاری عام کی جائے گی۔جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئر مین ظفر اکبر بٹ کی طبعیے نا ساز ہونے پر چھانہ پورہ پولیس سٹیشن سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔