مفخر عدیل اور اسد بھٹی کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) مقامی عدالت نے شہباز تتلہ اغوا کیس میں گرفتار ایس ایس پی مفخرعدیل اورشریک ملزم اسد بھٹی کو مزید3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ماڈل ٹاون کچہری کی جوڈیشل مجسٹریٹ شازیہ محبوب نے شہباز تتلہ اغوا کیس کی سماعت کی، تفتیشی افسرنے ملزموں کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ شہبازتتلہ کے وکیل نے کہاکہ مفخر عدیل نے کچھ لوگوں کی شناخت کی ہے، ابھی انویسٹی گیشن چل رہی ہے پولیس کو مزید وقت درکار ہے، پراسیکیوٹر نے کہاکہ آئی او نے مختلف لوگوں کے بیان قلمبندکئے ہیں، جس جگہ سے تیزاب خریدا گیا اس دکاندار کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا ہے، مفخر عدیل کے وکیل نے کہاکہ اس کیس کے حوالے سے جس کے جو منہ میں آیا وہ کہتا گیا، مقدمے میں بغیر ثبوت قتل کی دفعات لگائی گئی ہیں، ہم نہیں کہتے کہ شہباز تتلہ مر گیا ہے ، اللہ نہ کرے ایسا ہو، عدالت نے مفخر عدیل کے والد کی بیٹے سے ملاقات کی درخواست منظورکر لی اور ملزموں کو 24 مارچ کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیدیا۔